ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو پہلے ون ڈے میں شکست دے کر تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
انگلینڈ نے حالیہ ون ڈے ورلڈ کپ میں ناقص پرفارمنس کے ویسٹ انڈیز دورے کا آغاز بھی شکست سے کیا ہے اور کیریبئن ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ میں چار وکٹوں سے شکست دے کر تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
انٹیگا کے سر ویوین رچرڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں مہمان انگلش ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 325 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر ہیری بروک 71 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ زیک کرالے48 اور فل سالٹ 45 رنز بنا کر دیگر نمایاں بلے باز رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوشن تھامس، روماریو اور گڈاکیش موتی نے دو، 2 جب کہ الزاری جوزف اور یانک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز اوپنرز نے 326 کے ہدف کے تعاقب میں ٹیم کو 104 رنز کا آغاز فراہم کیا ایلک اتھانزے 66 رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ نے کیپٹن اننگ کھیلتے ہوئے تیز رفتار سنچری اسکور کی اور 83 گیندوں پر 109 رنز کی نا قابل شکست اننگ کھیلی۔
میزبان ٹیم نے مقررہ ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر 7 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔ شائی ہوپ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 6 اور تیسرا اور آخری میچ 9 دسمبر کو کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں 13 دسمبر سے 5 ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے میدان میں اتریں گی۔