لندن: ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف آٹھ جولائی سے شروع ہونے والےٹیسٹ میں شرٹ کے کالر پر black lives matter کا سلوگن لگائیں گے۔
امریکا میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شخص جارج فلیڈ کی ہلاکت پر نسلی امتیاز و تعصب کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے ہوئے تھے۔
نسلی ناانصافیوں کے خلاف پریمیئر لیگ فٹبال کلبز نے black lives matter کے سلوگن والی جرسی پہن کر احتجاج کیا اور سیاہ فام افراد سے اظہار یکجہتی کیا۔
اسی سوچ کو اپناتے ہوئے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف پوری ٹیسٹ سیریز کے دوران black lives matter لوگو والی شرٹ پہنیں گے۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈرنے کہا کہ ان کی ٹیم تاریخ کا حصہ بنے گی، یہ ہماری ڈیوٹی ہے کہ ہم اظہار یکجہتی کریں اور لوگوں میں آگاہی پھیلائیں۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویسٹ انڈیز ٹیم کواس سلوگن کے استعمال کی اجازت دی ہے۔