ماؤنٹ مانگنوئی : نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی، پاکستان آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن سے محروم ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز اورنیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی ٹی 20 سیریز نیوزی لینڈ نے جیت لی، تیسرے ٹی ٹوئنٹی کا میلہ نیوزی لینڈ کے جارحانہ مزاج بیٹسمین کولن منرو نے لوٹ لیا۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز مارٹن گپتل اور کولن منرو نے ویسٹ انڈین بولرز کی خوب درگت بنائی، گپتل نے نصف سنچری اسکورکی۔
کولن منرو نے تریپن گیندوں پر10 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 104 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، نیوزی لینڈ نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں پر 243 رنزبنائے، یہ کیویز کا ٹی ٹوئنٹی میں بہترین اسکور ہے۔
جواب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز مایوس کن رہا، گیل کا بلا بھی خاموش رہا ویسٹ انڈیز کی ٹیم 124رنزپر ڈھیر ہوگئی۔ اس جیت کے بعد نیوزی لینڈ آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔
یاد رہے کہ نومبر2017 میں بھارت سے سیریز ہارنے کے بعد نیوزی لینڈ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن سے محروم ہوگیا تھا، نیوزی لینڈ کی بھارت کے ہاتھوں سیریز میں دو ایک سے ناکامی نے پاکستان کو دنیا کی بہترین ٹیم بنا دیا تھا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔