کراچی: پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ویسٹ انڈین 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز یکم، 2 اور 3 اپریل کو کھیلی جائے گی، ویسٹ انڈیز ٹیم کی قیادت جیسن محمد کریں گے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جیسن محمد (کپتان)، سیموئل بدری، ریادا یمرٹ، آندرے فلیچر، آندرے مکارتھی، کیمو پاؤل، ویرا سیمی پرمول، رومان پاول، دنیش رام دین، مارلن سیمویلز، اوڈین اسمتھ، چیڈوک والٹن اور کیسرک ولیمز۔
ویسٹ انڈین ٹیم مینجمنٹ میں اسٹیورٹ لاء (ہیڈ کوچ)، الفونسو تھامس، ریان میرون، ویرنن ولیمز اور ڈیکسٹرآگسٹس شامل ہیں، ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جمی ایڈمز اور ویسٹ انڈیز پلیئرز ایسوسی ایشن کے سربراہ ویول بائنڈز بھی ٹیم کے ہمراہ پاکستان آئیں گے۔
مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان
دورہ پاکستان کے حوالے سے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جونی گریو نے کہا ہے کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ فائنل کا کامیاب انعقاد ہوا ہے اس کے بعد ہماری ٹیم پاکستان پہنچ رہی ہے۔
ویسٹ انڈیز کے مستقل ٹی ٹوئنٹی کپتان کارلوس بریتھ ویٹ کی عدم دستیابی کے باعث جیسن محمد کو قیادت سونپی گئی ہے، وہ پہلی بار اپنی ٹیم کے کپتانی کریں گے۔
ویسٹ انڈیز کے ون ڈے کپتان جیسن ہولڈر بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہے جبکہ کرس گیل، کیرون پولارڈ، لیندل سیمنز، ڈیوائن اسمتھ، اور سینل رائن بھی پاکستان آنے والی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔