اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چوہدری نے شکایت کی ہے کہ اسلام آباد میں ووٹنگ کے دوران ہمیں کھانے کو سوکھے سینڈوچ ملے۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے اعتراف کیا کہ پیپلز پارٹی والوں کی طرف کھانے کا اچھا بندوبست تھا، انھیں پراٹھے، انڈے اور حلوہ پوری ملی، ہماری طرف پانی بھی نہیں تھا۔
وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی نے کہا کہ ہم نے شور کیا تو ہمارے چیف وہپ کہیں سے سوکھے سینڈوچ ڈھونڈ کر لائے۔
ان کا کہنا تھا ایوان کا مجموعی ماحول اچھا رہا، حفیظ شیخ اور یوسف گیلانی سےگپ شپ ہوئی، اور وزیر اعظم عمران خان ہمیشہ کی طرح پر اعتماد نظر آئے۔
سینیٹ الیکشن میں بڑا اپ سیٹ، قومی اسمبلی سےیوسف رضاگیلانی کامیاب
واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن میں بڑا اپ سیٹ سامنے آیا ہے، قومی اسمبلی سے یوسف رضا گیلانی کام یاب قرار پائے ہیں، حفیظ شیخ نے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ کی نشست جیتنے پر مبارک باد دی۔
یوسف رضاگیلانی کو 169 ووٹ ملے، جب کہ حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے، قومی اسمبلی سے مجموعی 340 ووٹ کاسٹ ہوئے، اور 7 مسترد ہوئے۔
گنتی ہونے کے بعد سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کے پولنگ ایجنٹ نے دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی، جسے ریٹرننگ افسر نے منظور کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کروائی، جس میں یوسف رضا گیلانی نے 5 ووٹوں کی برتری حاصل کی۔