نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے قائد نے ایک روزہ کرکٹ ختم کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے ایسی باتوں کو فضول قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ کو ختم کرنے کے خیال پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک روزہ فارمیٹ کی آج بھی اہمیت ہے، لوگ پہلے ٹیسٹ کرکٹ ختم ہونے کے بارے میں بات کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے کرکٹ اہم ہے چاہے وہ کوئی بھی فارمیٹ ہو،یہ سب باتیں فضول ہیں، میرا نام ہی ون ڈے کرکٹ سے بنا ہے، میں یہ کبھی نہیں کہوں گا کہ ون ڈے ختم ہو رہا ہے یا ٹی ٹوئنٹی ختم ہو رہا ہے یا ٹیسٹ فارمیٹ ختم ہونے کے قریب ہیں۔
روہت شرما کا مزید کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ کوئی اور فارمیٹ بھی ہو کیونکہ میرے لیے گیم کھیلنا سب سے اہم
ہے۔
واضح رہے کہ ان دنوں ٹی ٹوئنٹی لیگز کی بہتات کے باعث ون ڈے کرکٹ ختم کرنے کی ہوا چل رہی ہے کئی سابق کھلاڑیوں نے اس پر لب کشائی بھی کی ہے۔
سوئنگ کے سلطان اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ کرکٹ حکام کو پچاس اوورز کے میچز کو ختم کرنے پر غور کرنا چاہیے ، بحیثیت کمنٹیٹر مجھے بھی اب ایک روزہ میچز طویل لگتے ہیں۔