ممبئی : بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان بھی ٹریجڈی کنگ دلیپ کمار کے انتقال پر تعزیت کےلیے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔
بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار و ٹریجڈی کنگ دلیپ کمار جہان فانی سے کوچ کرچکے ہیں، جن کے چاہنے والے دنیا بھر میں موجود ہیں، لیکن ان مداحوں میں شوبز انڈسٹری سے جڑے کئی نام بھی شامل ہیں جن میں ایک نام کنگ خان (شاہ رخ خان) کا بھی ہے۔
بدھ کی صبح دلیپ کمار کے نام سے مشہور اداکار یوسف خان کا انتقال ہوا تو دیگر شخصیات کی طرح شاہ رخ خان بھی اپنی ہر دلعزیز شخصیت کی تعزیت کےلیے ان کی رہائش گاہ پہنچے اور دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو سے تعزیت کی۔
شاہ رخ خان اور دلیپ کی محبت کسی سے پوشیدہ نہیں، ایوارڈ تقریب میں شاہ رخ خان کو دلیپ کمار کےلیے سرخ کارپیٹ بچھاتے دیکھا گیا تو کبھی کنگ خان مدھوبالا اور سلیم والا کے پوسٹر پر دلیپ کمار کے آٹوگراف لیتے نظر آئے۔
یہ محبت یکطرفہ نہیں تھی بلکہ دلیپ کمار اور سائرہ بانو بھی شاہ رخ کے ساتھ اسی طرح محبت اور شفقت سے پیش آتے تھے۔
دلیپ کمار کی اہلیہ اداکارہ سائرہ بانو نے میڈیا کو بتایا کہ اگر ان کا کوئی بیٹا ہوتا تو وہ بلکل شاہ رخ خان کی طرح نظر آتا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے شاہ رخ خان کے بالوں میں انگلیاں پھیرنا بہت پسند ہے کیوں کہ دلیپ کے بال بھی ہوبہو ایسے ہی تھے، اس بار بھی شاہ رخ نے مجھ سے کہا کہ آج آپ میرے بالوں میں انگلیاں نہیں پھیریں گی؟ جسے سن کر مجھے بہت خوشی ہوئی۔