موسم گرما شروع ہوچکا ہے اور پھلوں کا بادشاہ آم اپنا جلوہ دکھانے کو تیار ہے ہر ایک کا پسندیدہ پھل کھانے سے متعلق ماہرین کیا کہتے ہیں یہ ہم آپ کو بتائیں گے۔
موسم گرما شروع ہوتے ہی لوگوں کو جس کا شدت سے انتظار ہوتا ہے وہ پھلوں کا بادشاہ آم ہے۔ خوش ذائقے اور رسیلے آم ہر کسی کے من کو بھاتے ہیں جس طرح آموں کی چونسا، دسہری، لنگڑا، سندھڑی، انور رٹول، سرولی سمیت درجنوں اقسام ہیں ویسے ہی اس کو کھانے کے بھی کئی طریقے ہیں۔ کوئی اسے کاٹ کر کھاتا ہے تو کوئی چوس کر اس کے مزے اڑتا ہے، کسی کو اس کا جوس بنا کر پینا پسند ہے تو کہیں اسے چاول کے ساتھ بطور غذا کے پیش کرنے کی روایت ہے۔
آم کھانے کے طریقے کچھ بھی ہوں لیکن ایک بات مشترک ہے کہ یہ خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ ساتھ بہت مفید اور صحت بخش ہوتے ہیں تاہم ماہرین کہتے ہیں کہ کچھ مخصوص اوقات میں یہ پھل کھانا صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق کھانا کھانے کے بعد آم کھانا صحت کے لیے کئی پہلو سے مفید ہے۔ یہ پھل نہ صرف میٹابولزم کو بہتر بناتا ہے بلکہ خون میں شکر کی مقدار کو بھی قابو میں رکھتا ہے۔
اگر کھانا کھانے کے بعد صرف ایک ٹکڑا آم کا استعمال کیا جائے تو یہ آنتوں کی حرکت اور بلڈ شوگر لیول کو کنٹرول کرنے اور قبض کو روکنے میں مدد فراہم کرے گا اس کے ساتھ ہی یہ نظام ہاضمہ بھی بہتر بناتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر ہمارے جسم میں صفرا (جگر سے خارج ہونے والا سیال)، ہاضمے کے انزائمز اور پیٹ میں موجود تیزاب مناسب مقدار میں پیدا نہ ہو تو کھانا ہضم کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور اپھارہ اور گیس کی شکایت ہوسکتی ہے۔
لیکن کھانا کھانے کے بعد آم کے صرف ایک ٹکڑے کا استعمال آپ کو ان شکایات سے نجات دلاسکتا ہے کیونکہ آم میں ہضم کرنے والے انزائمز جیسے امائلیز، پروٹیز اور لپیس ہوتے ہیں جو کھانے میں شامل کاربوہائیڈریٹس، پروٹین اور چکنائی کو ہضم کرنے میں مدد فرام کرتے ہیں۔
صرف اتنا ہی نہیں بلکہ آم وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہے جو ذیابیطس کو قابو کرنے میں بھی مدد فراہم کرسکتا ہے۔ اس میں موجود اجزا قوت مدافعت بھی بڑھاتے ہیں جو ہمیں مختلف بیماریوں سے لڑنے میں مدد فراہم کرتے ہیں، اس کا استعمال دل اور آنکھوں کے لئے بھی مفید ہے۔
آپ کو کھانے کے بعد آم کھانے کے اتنے سارے فوائد بتا دیے تو پھر کوشش کریں کہ اس موسم گرما میں آپ آم سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ اسے صحت کے لیے بھی مفید بنائیں اور کھانا کھانے کے بعد تھوڑا سا آم معمول بنائیں۔
لیکن خبردار زیادتی کسی بھی چیز کی بری ہوتی ہے تو آم کھاتے ہوئے ذائقے میں گم ہوکر اس کی مقدار سے تجاوز نہ کریں۔