دنیا میں ایک سے بڑا ایک مصور پڑا ہے لیکن ایک سعودی فنکار نے ایسی منفرد پینٹگ بنائی ہے جو موسم کے بدلتے تیور کے ساتھ خود بھی بدل جاتی ہے۔
مصوری کا ذکر آتے ہی لیونارڈو ڈانچی، پاکستان کا اثاثہ صادقین جیسے شہرہ آفاق مصور کے نام اور کام ذہن میں آتے ہیں دنیا کو ایسے باکمال فنکاروں کا نعم البدل اب تک نہیں مل سکا لیکن فن ایک ایسا سمندر میں جس میں ایک سے ایک گوہر نایاب موجود ہے اور وقتاً فوقتاً ان کا ایسا کام سامنے آتا ہے جو دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایسے ہی ایک گوہر نایاب میں سعودی فنکار صباح الظفیری نے جنہوں نے ایسی نادر ونایاب پینٹنگ بنائی ہے جو بدلتے موسم اور درجہ حرارت کی تبدیلی کے ساتھ ہی خود اپنا رنگ وروپ بدلنے کی حیرت انگیز صلاحیت رکھتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صباح الظفیری نے یہ شاہکار پینٹنگ فزکس کے اصول پر کام کرتے ہوئے بنائی ہے جس میں انہیں ایک طویل عرصہ لگا۔ وہ 2016 سے 2022 تک پینٹنگز کی نمائشوں میں شرکت کر چکے ہیں۔
اس پینٹنگ کی خوبی یہ ہے کہ اسے سرد ماحول میں رکھا جائے گا تو تصویر تبدیل ہو جائے گی اور اگر اسی پینٹنگ کو 30 ڈگری درجہ حرارت والی جگہ پر رکھیں تو یہ مختلف شکل اختیار کر لے گی۔
صباح الظفیری نے اس حوالے سے بتایا کہ اس کے لیے جو آئل پینٹ تیار کیے گئے ان میں مخصوص کیمیکلز کی آمیزش ہے جس کی خاصیت یہ ہے کہ اس مکسچر سے تیار ہونے والی پینٹگ موسمی اثرات کو قبول کرتی ہے اور مختلف درجہ حرارت میں مختلف رنگ بدل لیتی ہے۔
تصویر سازی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بچپن سے ہی مصوری کا شوق تھا۔ ابتدا میں آڑی ترچھی تصاویر بنایا کرتا تھا۔ زمانہ طالب علمی میں یہ شوق اپنی انتہا کو پہنچ چکا تھا۔ ایک دن مجھے احساس ہوا کہ جو کچھ میں بنا رہا ہوں وہ بہت منفرد ہے جس کو کلاسک کا درجہ دیا جا سکتا ہے۔