اشتہار

ٹریفک حادثے کی صورت میں کیا کیا جائے؟

اشتہار

حیرت انگیز

آج کل ٹریفک حادثات روز کا معمول بن گئے ہیں۔ لوگوں کی جلد بازی اور ٹریفک اشاروں کو نظر انداز کردینا افسوس ناک حادثات کا سبب بنتا ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق کسی بھی حادثے کا شکار ہونے والے موٹر سائیکل سوار افراد کی 90 فیصد اموات ہیلمٹ نہ پہننے کے باعث ہوتی ہیں۔

ایک مصروف سڑک پر ہونے والا معمولی حادثہ بھی نہایت بھیانک بن سکتا ہے کیونکہ پیچھے سے آنے والی گاڑیاں حادثے کا شکار افراد پر چڑھ کر یا اچانک بریک لگا کر دوسری گاڑیوں کے ٹکرانےکی وجہ سے حادثے کی شدت میں اضافہ کرسکتی ہیں۔

- Advertisement -

یہاں ہم آپ کو بتا رہے ہیں کہ خدانخواستہ کسی حادثے کا شکار ہونے کی صورت میں آپ کو کیا اقدامات اٹھانے چاہیئں۔


اپنے آپ کو چیک کریں

اگر خدانخواستہ آپ کسی حادثے کا شکار ہوئے ہیں تو سب سے پہلے آپ اپنے کو چیک کریں کہ آپ کو کہاں چوٹ لگی ہے۔ بظاہر معمولی محسوس ہونے والی چوٹ یا دھکہ بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے اور اس کی شدت 3 سے 4 گھنٹوں بعد ظاہر ہوتی ہے۔

لہٰذا ایکسیڈنٹ میں لگنے والی کسی بھی چوٹ کو نظر انداز نہ کریں اور موقع پر موجود ایمبولینس کے تربیت یافتہ عملے کی مدد حاصل کریں۔

جائے وقوع سے چلے جانے کے بعد بھی کسی ڈاکٹر کو دکھانا از حد ضروری ہے تاکہ اندرونی طور پر لگنے والی کسی چوٹ کے بارے میں فوری معلوم ہوسکے۔


زخمیوں کی مدد کریں

اگر خوش قسمتی سے آپ زخمی نہیں ہوئے اور آپ کو کسی مدد کی ضرورت نہیں، یا ایمبولینس کے عملے نے طبی امداد کے بعد آپ کو فارغ کردیا ہے تو اب آپ کا فرض ہے کہ آپ دوسرے زخمیوں کی مدد کریں۔

آپ کی پہلی ترجیح وہ لوگ ہونے چاہیئں جن کا خون بہہ رہا ہو، وہ بے ہوشی کی حالت میں ہوں، یا بظاہر حواسوں میں نہ لگ رہے ہوں۔

اس موقع پر ان افراد کو چھوڑ دیں جو مدد کے لیے چیخ رہے ہوں یا رو رہے ہوں، کیونکہ اس کا مطلب ہے کہ وہ اپنے حواسوں میں ہے۔ بے ہوش پڑے افراد کی جان بچانا اور ان کی سانس بحال کرنا زیادہ ضروری ہے۔


مدد طلب کریں

حادثے کی صورت میں اگر آپ صحیح سلامت ہیں تو اپنے حواس بحال رکھتے ہوئے امدادی اداروں یا ایمبولینس وغیرہ کو طلب کریں۔


ایمبولینس آنے تک

ایمبولینس کے آنے تک بے حس و حرکت پڑے افراد کی سانس بحال کرنے کی کوشش کریں۔ انہیں اپنے منہ کے ذریعے سانس دینے کی کوشش کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر شخص کو اپنی زندگی میں ابتدائی طبی امداد کی تربیت ضرور لینی چاہیئے تاکہ ایسے ہنگامی مواقعوں پر کسی کی جان بچائی جاسکے۔


زخمیوں کو سہارا دیں

ایکسیڈنٹ کے موقع پر امداد آنے تک اور اس کے بعد بھی زخمی افراد کی مدد کریں۔ اگر کسی کو قے محسوس ہو رہی ہے تو اسے کھلی ہوا میں لے جائیں۔ زخمیوں کو سہارا دے کر بیٹھنے میں مدد کریں۔

زخمی افراد کو ایمبولینس تک لے جائیں۔ ایسے موقع پر ریسکیو اداروں کی بھی مدد کریں اور زخمیوں کو اٹھانے میں ان کا ہاتھ بٹائیں۔


یاد رکھیں کسی انسان کو مشکل میں دیکھ کر اس کی مدد کرنا اور اس کی جان بچانا آپ کا فرض ہے۔ آج آپ کسی کی مدد کریں گے تو کل اس وقت کوئی آپ کی مدد کو بھی آئے گا جب آپ کو اس کی ضرورت ہوگی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں