ممبئی: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر بریٹ لی نے ‘سی پی آر’ طریقے کے ذریعے ڈین جونز کو ہارٹ اٹیک سے بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہے۔
تفصیلات کے مطابق بریٹ لی بھارتی شہر ممبئی میں سابق آسٹریلوی کرکٹر اور کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کے ہمراہ موجود تھے جب انہیں ہارٹ اٹیک ہوا، انہوں نے ڈین جونز کو بچانے کی سرتوڑ کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
بریٹ لی نے ڈین جونز کی زندگی محفوظ بنانے کے لیے سی پی آر(Cardiopulmonary resuscitation) طریقہ اپنایا لیکن کامیاب نہ ہوئے، وہ ڈین جونز کے ساتھ ہی موجود تھے اور دونوں نے ایک ساتھ ناشتہ بھی کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق آسٹریلوی کرکٹرز اور کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر اور کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز انتقال کرگئے
سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز کی عمر 59سال تھی، وہ 24مارچ 1961 میں میلبرن میں پیدا ہوئے ،ڈین جونز 1987 کا ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے اہم رکن تھے، ڈین جونز نے اپنے کرکٹ کیریئر میں 52ٹیسٹ اور164ون ڈے میں آسٹریلیا ٹیم کی نمائندگی کی۔
30 جنوری 1984 میں پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچوں میں ڈیبیو کرنے والے ڈین جونز نے 6 اپریل 1994 میں اپنا آخری میچ جنوبی افریقا کے خلاف کھیلا اور اور انہیں سر ڈان بریڈ مین کی ٹیم کا اہم کھلاڑی تصور کیا جاتا تھا۔