تازہ ترین

تمام سمندر منجمد ہو جائیں تو انسان کن 5 آفتوں کا شکار ہوگا؟

کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر زمین پر موجود تمام سمندر منجمد ہو جائیں تو انسان کن 5 آفتوں کا شکار ہوگا؟

آگے بڑھنے سے پہلے یہ بھی جان لیں کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ارضیاتی شواہد بتاتے ہیں کہ تمام سمندر اس سے پہلے کم از کم 2 بار منجمد ہو چکے ہیں، اور آخری بار یہ واقعہ تقریباً 650 ملین سال پہلے رونما ہوا تھا۔

زمین کو دوبارہ آباد کرنے کے لیے یک خلوی جاندار کافی تعداد میں بچ گئے تھے، لیکن فوصل ریکارڈ ہمیں یہ بتانے میں ناکام رہا ہے کہ کیا دوسرے یعنی ایسے کثیر خلوی جاندار بھی تھے جو بچ گئے تھے۔

سائنس فوکس نامی ویب سائٹ نے ایک مختصر پوسٹ میں بتایا ہے کہ اگر زمین پر تمام سمندر منجمد ہو جائیں تو کیا ہوگا؟

1. تیل نایاب ہو جائے گا

چوں کہ دنیا کے نصف تیل کی ترسیل سمندر کے ذریعے کی جاتی ہے، اس لیے شپنگ لین کے منجمد ہونے کے بعد تیل کی بین الاقوامی منڈی میں سپلائی بہت زیادہ محدود ہو جائے گی، جب کہ انسانوں کو گرمائش کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ تیل کی ضرورت ہوگی، اس سے دنیا کو عالمی اقتصادی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

تیل کے علاوہ دنیا کی 80 فی صد عالمی تجارت بھی بحری جہازوں کے ذریعے ہوتی ہے، اس لیے عالمی سطح پر تجارت پر گہرا اثر ہوگا۔

2۔ سمندر حیات کا خاتمہ

اگر سمندروں پر برف کی تہہ جم جائے تو اس سے سمندری حیات کے لیے روشنی رک جائے گی، اس سے سمندری الجی کا خاتمہ ہو جائے گا اور اس کے اثرات سے فوڈ چین کا خاتمہ ہو جائے گا، اور صرف گہرے سمندر کے جاندار زندہ رہیں گے جو ہائیڈرو تھرمل وینٹوں کے ارد گرد رہتے ہیں، یعنی سمندر کے فرش میں موجود سوراخ جس میں سے گرم معدنی پانی نکلتا ہے۔

اس کے علاوہ اس سے ماہی گیری یا آبی زراعت کی صنعتوں میں کام کرنے والے تقریباً 5 کروڑ 60 لاکھ افراد اچانک بے روزگار ہو جائیں گے۔

3۔ پودے مر جائیں گے

برف پانی سے زیادہ سورج کی روشنی کو منعکس کرتی ہے، اس لیے عالمی آب و ہوا بہت ٹھنڈی ہو جائے گی، اور زمین کو بھی ٹھنڈ سے منجمد کر دے گی۔ پودے پانی کی کمی سے مر جائیں گے، ہریالی ناپید ہو جائے گی، جس کے نتیجے میں CO2 کم جذب ہوگا، لہٰذا آتش فشاں سے CO2 آہستہ آہستہ فضا میں جمع ہوگا اور سیارے کو دوبارہ گرم کرے گا لیکن برف کو پگھلنے میں لاکھوں سال لگ سکتے ہیں۔

4۔ بارش نہیں ہوگی

اگر تمام سمندر منجمد ہو جائیں تو خشک سالی ہو جائے گی، بارشیں نہیں ہوں گی جس کے باعث انسان اور جانور کئی وبائی امراض کا شکار ہو سکتے ہیں۔

5۔ آکسیجن

ہمارے ماحول میں موجود آکسیجن کا 50 سے 85 فی صد حصہ سمندروں کا ہے، تو اگر تمام سمندر منجمد ہو جائیں گے تو بہت سارے جانور اور انسان دم گھٹنے سے مر جائیں گے۔

واضح رہے کہ عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا بھر میں ہر موسم کی شدت بڑھتی جا رہی ہے جب کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا کے کئی ممالک کو بڑے پیمانے پر قدرتی آفات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اور دنیا کے کئی ممالک اس وقت شدید سردی کا سامنا کر رہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -