سان فرانسسکو: پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی فیس بک کی زیرملکیت موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے عالمی ادارۂ صحت کے ساتھ اشتراک کرلیا۔
واٹس ایپ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صحت کے عالمی دن کے موقع پر ہم عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ساتھ اشتراک کا فخریہ اعلان کرتے ہیں۔
واٹس ایپ کا یہ اشتراک دراصل کرونا ویکسین کی اہمیت و افادیت سے متعلق آگاہی دینے اور شعور بڑھانے کے لیے ہے جبکہ اس کی مدد سے پائے جانے والے منفی تاثرات کا خاتمہ بھی ممکن ہوسکے گا۔
اس پارٹنر شپ کا مقصد یہ بھی ہے کہ دنیا کا ہرشخص کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوا کر خود کو محفوظ رکھے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ’ویکسین فار آل‘ نامی فیچر متعارف کرایا گیا ہے، جس میں ویکسین لگوانے کی خوشی کے اظہار کے لیے مختلف اسٹیکرز شامل کیے گئے ہیں۔
واٹس ایپ کے مطابق فیچر کے تحت اسٹیکر زکے ذریعے ویکسین لگوانے کی پیش کش کی جاسکے گی جبکہ اس کے ذریعے ہیلتھ کیئر ہیروز کی خدمات کو بھی سراہا جاسکے گا۔
This #WorldHealthDay, we are proud to partner with @WHO on a new sticker pack called "Vaccines for All!” to help us express the joy, relief and hope COVID vaccines offer, and to show appreciation for the healthcare heroes.https://t.co/SQTkvWKaPI pic.twitter.com/iuPjbAFdbp
— WhatsApp (@WhatsApp) April 6, 2021
واضح رہے کہ کرونا وائرس کے سامنے آنے کے بعد واٹس ایپ نے غلط فہمی پر مبنی پیغامات کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے، جس کے تحت کسی بھی پیغام کو فارورڈ کرنے کی تعداد کم کر کے اسے پانچ تک محدود کردیا گیا ہے۔