تازہ ترین

اسکرین شارٹ بند، فنگر پرنٹس کے بغیر رسائی ناممکن: واٹس ایپ کے دو زبردست سیکیورٹی فیچرز

سان فرانسسکو: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل اپیلیکشن واٹس ایپ نے سیکیورٹی کا نیا فیچر متعارف کرادیا جس کے بعد کوئی بھی دوسرا شخص، صارف کے اکاؤنٹ تک رسائی اوراُس کے پیغامات کے اسکرین شارٹ نہیں لے سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے منفرد سیکیورٹی فیچر بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا، جس کے تحت اب سیکیورٹی آپشن میں جاکر صارف کو چیک لگانا ہوگا تو اُس کی چیٹ یا بھیجی جانے والی ویڈیوز اور فیچر کا کوئی بھی اسکرین شارٹ نہیں لے سکے گا۔

کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اگر کوئی دوست اسکرین شارٹ لے گا تو اُس کا نام صارف کے پاس ظاہر ہونے لگے گا، جس کے بعد وہ مرضی کے مطابق اُسے بلاک کرسکے گا۔

مزید پڑھیں: واٹس ایپ نے صارفین پر نئی پابندی عائد کردی

واٹس ایپ کا متذکرہ فیچر بیٹا ورژن کی نئی اپ ڈیٹ 2.19.106 میں متعارف کرایا گیا، ساتھ میں ایموجی اور فنگر پرنٹ لاک کا فیچر کو بھی اس اپ ڈیٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

واٹس ایپ کا فنگر پرنٹ فیچر دراصل بائیومیٹرک کی طرح ہے یعنی صارف کو اپنی انگلی کے پرنٹ محفوظ کرانے ہوں گے جس کے بعد چیٹ تک کوئی بھی رسائی حاصل نہیں کرسکے گا۔

اس فیچر کو اینڈرائیڈ فون میں موجود فنگر پرنٹ والے سیٹ میں ہی استعمال کیا جاسکے گا اسی طرح آئی فون کی بھی اُن ہی ڈیوائسز میں یہ سہولت دستیاب ہوگی جن میں کمپنی کی جانب سے سیکیورٹی کی سہولت فراہم کی گئی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ تک رسائی کے لیے ’فنگر پرنٹ‘ لازمی، فیچر کی آزمائش کا آغاز

بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین اسکرین شارٹ اور فنگر پرنٹ فیچر کو استعمال کرنا چاہتے ہیں تو وہ واٹس ایپ سیٹنگز میں جاکر اکاؤنٹ کے مینیو پر جائیں پھر پرائیوسی میں جاکر اسے کھول دیں۔ انتظامیہ کی جانب سے متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر چار سے زائد بار غلط فنگر پرنٹ استعمال کیا گیا تو واٹس ایپ کچھ دیر کے لیے بند ہوجائے گا۔

Comments

- Advertisement -