خینر پختونخوا کے شہر پشاور میں واٹس ایپ گروپ سے نکالے جانے پر ناراض ممبر نے فائرنگ کرکے گروپ ایڈمن کو قتل کردیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ پشاور کے علاقہ ریگی سفید سنگ میں پیش آیا جہاں ملزم نے واٹس ایپ گروپ سے ہٹائے جانے پر طیش میں آکر گروپ ایڈمن کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
مقتول کی شناخت مشتاق احمد کے نام سے ہوئی ہے جو ایک واٹس ایپ گروپ کا ایڈمن تھا، واقعے کی ایف آئی آر مقتول کے بھائی ہمایوں کی مدعیت میں درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کےمطابق مقتول مشتاق کے بھائی نے پولیس کو بتایا ہے کہ ان کا بھائی ایک واٹس گروپ کا ایڈمن تھا اور علاقے کے اشفاق نامی ایک شخص سے ان کی گروپ سے نکالنے پر تکرار ہوئی۔
مدعی مقدمہ کے مطابق ملزم اشفاق سے تلخ کلامی کے وقت وہ خود بھی موجود تھا، صلح صفائی کے بعد وہ گھر واپس جارہے تھے کہ ملزم نے ان پر فائرنگ کردی۔
مدعی کے مطابق فائرنگ سے بچنے کے لیے دونوں بھائیوں نے ایک پیٹرول پمپ میں پناہ لے لی تھی کہ اس دوران ملزم وہاں داخل ہوا اور مشتاق احمد پر مبینہ طور پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز ڈکیتی میں مزاحمت پر 2 نوجوانوں کو قتل کردیا گیا ، جن کی شناخت وسیم اور بابر کے نام سے ہوئی۔
سہراب گوٹھ پنجاب بس اڈے کے قریب موٹرسائیکل چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے وسیم نامی نوجوان کے سر میں گولی مار کر قتل کردیا۔
دوسرے واقعے میں قائد آباد میں مرغی خانے کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکو کی فائرنگ سے ایک نوجوان جان سے گیا۔