دنیا کی مقبول ترین میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے درمیان چیٹ ہسٹری کی منتقلی کا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
صارفین کو اینڈرائیڈ سے آئی فون پر منتقلی یا اس کے برعکس آئی فون سے اینڈرائیڈ پر منتقلی کے بعد انہیں سب سے مشکل کام واٹس ایپ چیٹ منتقل کرنا لگتا ہے۔
اب تک دونوں آپریٹنگ سسٹمز کے درمیان چیٹ ہسٹری کی منتقلی صرف کسی ثالث فریق کے ڈیٹا منتقلی ایپلی کیشن کے ذریعے ہی ممکن تھی، جس کی وجہ سے صارفین کو مسئلہ درپیش رہتا تھا اور ان کی جانب سے چیٹ ہسٹری منتقل کرنے کا فیچر متعارف کروانے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔
واٹس ایپ نے بالاآخر صارفین کے مطالبہ پر اینڈرائیڈ سے آئی فون اور آئی فون سے اینڈرائیڈ کے درمیان چیٹ ہسٹری منتقل کرنے کا فیچر متعارف کروادیا ہے۔
نئے فیچر کے تحت صارف کے اکاؤنٹ کی معلومات، پروفائل فوٹو، نجی چیٹس، گروپ چیٹس، چیٹ ہسٹری، میڈیا اور سیٹنگز منتقل کی جاسکیں گی۔
اس منتقلی کے لیے صارف کے پاس ایسا اسمارٹ فون ہونا چاہیئے جس کا آپریٹنگ سسٹم ایندرائیڈ 5.0 یا اس سے جدید ہو اور ایک آئی فون جس میں آئی او ایس 15.5 یا اس سے جدید موجود ہو۔