انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن ’واٹس ایپ‘ ایک نیا اور جدید ڈیزائن متعارف کروا رہا ہے جو ایپلیکیشن کے اندر چیٹ لسٹ کے انتظام کو مزید آسان اور بہتر بنائے گا۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے تازہ ترین فیچر میں صارفین جلد ہی ایک نیا انٹر فیس دیکھ سکیں گے۔
یہ نیا انٹرفیس بہت جلد اپ ڈیٹ میں شامل کردیا جائے گا تاہم فی الحال یہ صرف کچھ بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے جو واٹس ایپ بیٹا فار اینڈرائیڈ کے ورژن 2.24.25.8 استعمال کر رہے ہیں، جو گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
مذکورہ اپ ڈیٹ کے ذریعے صارفین کو چیٹ لسٹ مینجمنٹ کے لیے ایک زیادہ منظم اور صارف دوست تجربہ فراہم کیا جائے گا۔
اسکرین کے اوپری حصے میں نمایاں تصویر اب اہم فلٹرز کو ظاہر کرتی ہے، جن میں "پسندیدہ” (Favorites)، "مختلف گفتگو” (Various Conversations)، اور ایک نیا فلٹر بنانے کا شارٹ کٹ شامل ہے۔
اس کے نیچے ایک نیا ڈیزائن کیا گیا بٹن ہے جو کسٹم لسٹس بنانے کو مزید آسان بناتا ہے۔ اس کا ڈیزائن ایپ میں دیگر ایکشن بٹنوں کے ساتھ ہم آہنگ ہے جو اسے ایک جدید شکل دیتا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ کچھ صارفین جن کے پاس واٹس ایپ کے مستحکم ورژن ہیں، پہلے ہی اس نئے ڈیزائن کا تجربہ کر رہے ہوں گے۔ یہ نیا انٹرفیس جلد ہی زیادہ وسیع پیمانے پر صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔