دنیا بھر میں پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی سب سے مقبول ایپلی کیشن واٹس ایپ کمپنی کاروباری صارفین کے لیے ایک بہترین فیچر کی آزمائش کررہی ہے۔
میٹا کی زیر ملکیت ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے رواں سال نت نئے فیچر متعارف کروائے گئے جس کا مقصد صارفین کو سہولیات مہیا کرنا اور دیگر ایپلی کیشنز کے مقابلے میں سبقت لے جانا ہوتا ہے۔
واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق کمپنی نے اپنی میسجنگ ایپلیکیشن کے بیٹا ورژن میں ایک نیا فیچر متعارف کروایا ہے جو اس وقت آزمائشی مراحل میں ہے۔
اب صارفین چینل کو فالو کرنے کے لیے ’کیو آر کوڈز‘ استعمال کر سکتے ہیں، جس سے متعلقہ معلومات تک رسائی میں تیزی آئے گی۔ یہ فیچر چینلز کو تلاش کرنے کا زیادہ مؤثر طریقہ فراہم کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ ’کیو آر کوڈز‘ کی مدد سے مختلف کاروبار صارفین کے ساتھ اپنے چینلز کو باآسانی شیئر کر سکیں گے اور اپنی مارکیٹنگ کر سکیں گے۔
نیچے دیے گئے اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ بِیٹا ٹیسٹرز کے لیے یہ نیا فیچر فعال کیا گیا ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے وہ اپنے چینلز کے لیے منفرد کیو آر کوڈ بنا سکتے ہیں۔
چینل لنکس کو شیئر کرنے کے لیے کیو آر کوڈز کے تعارف نے صارفین کو مختلف شیئرنگ آپشنز فراہم کیے ہیں، یہ فیچر صارفین کو ان کے کاروبار کی ترقی میں مدد گار ثابت ہوسکتا ہے اور صارفین کو میسجنگ پلیٹ فارم کے ذریعے جڑنے کی ترغیب دے سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ کمپنی واٹس ایپ میں ہی ایک نئی امیج سرچ سہولت شروع کرنے والی ہے جس کے تحت کسی تصویر کے موصول ہونے کے بعد، صارفین اسے محفوظ کرنے، ایڈٹ کرنے، یا اضافی معلومات کے لیے ویب پر تلاش کرنے کا انتخاب کرسکیں گے۔
یہ سہولت جو گوگل لینس فیچر سے مشابہت رکھتی ہے، معلومات کے حصول کے عمل کو آسان بنائے گی، خاص طور پر آن لائن شاپنگ کے دوران بہت مفید ثابت ہوگی۔