سان فرانسسکو: پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی موبائل اپیلیکیشن واٹس ایپ نے بھارت کے بیس لاکھ صارفین کے اکاؤنٹ بلاک کردیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے نازیبا گفتگو کرنے والے صارفین کے علاوہ خود کار طریقے سے بھیجے جانے والے مارکیٹنگ پیغامات والے نمبروں کو بھی بلاک کردیا۔
واٹس ایپ کی جانب سے جمعرات کے روز جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایک ماہ کی مانیٹرنگ کے بعد 20 لاکھ بھارتی نمبروں کو بلاک کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق ان نمبروں کو ایک ماہ تک دیکھا گیا، جنہوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔
کمپنی نے بتایا کہ مذکورہ نمبروں کے خلاف صارفین کی شکایات موصول ہوئیں تھیں، جس کے بعد اُن کا جائزہ لیا گیا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے قانون 2021 کے تحت ایسے تمام اکاؤنٹس کو بلاک کردیا گیا۔
واٹس ایپ کے مطابق مذکورہ نمبروں کے خلاف 345 شکایات موصول ہوئیں تھیں، جنہیں خلاف ورزی پر متنبہ بھی کیا گیا، اب ان بیس لاکھ نمبروں کو ایک ماہ کے لیے بلاک کردیا گیا ہے۔
واٹس ایپ نے ایک بار بالخصوص بھارت اور بالعموم دنیا بھر کے صارفین کو خبردار کیا کہ وہ ایپ کے غلط استعمال سے گریز کریں بصورت دیگر اُن کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا۔