واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کروایا ہے جس کے ذریعے صارفین انسٹاگرام کی طرح اپنے اسٹیٹس میں موسیقی شیئر کر سکیں گے۔
واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ اپنے اسٹیٹس فیچر میں اہم اضافہ کرنے جا رہا ہے جس میں صارفین کو یہ سہولت میسر ہوگی کہ وہ اپنے اسٹیٹس میں میوزک بھی شامل کرسکیں گے۔
میٹا کی ذیلی ایپ جلد ہی اپنے صارفین کے لیے اسٹیٹس میں میوزک شامل کرنے کی سہولت متعارف کرادے گی، یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن (2.25.2.5) میں دستیاب ہے اور اس کا مقصد اسٹیٹس اپڈیٹس کو مزید دلچسپ اور انٹرایکٹو بنانا ہے۔
میٹا کے ذیلی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر صارفین کو یہ سہولت پہلے ہی دستیاب ہے، جس کو استعمال کرتے ہوئے وہ اپنی اسٹوریز میں میوزک کو شامل کرسکتے ہیں۔
نئے اپڈیٹ میں صارفین اسٹیٹس اپڈیٹ سیکشن میں ایک میوزک آئیکن دیکھیں گے۔ اس آئیکن پر کلک کرنے سے وہ اپنے پسندیدہ گانے، آرٹسٹس یا مقبول گانے تلاش کرسکیں گے۔
جیسے ہی گانا منتخب کیا جاتا ہے، صارفین اسے اپنی تصویر پر مبنی اسٹیٹس کے لیے 15 سیکنڈ کے کلپ کے طور پر شامل کرسکتے ہیں یا ویڈیو اسٹیٹس کے لیے اس کی دورانیہ کو ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔ ویڈیو اسٹیٹس اپڈیٹس کے لیے موسیقی کا دورانیہ منتخب شدہ کلپ کی لمبائی کے مطابق ہوگا۔
صارفین کو اپنے واٹس ایپ میں میوزک کے ذریعے اسٹیٹس اپڈیٹس کو زیادہ دلچسپ اور ذاتی نوعیت کا بنانے کا موقع ملے گا جو شیئر کی گئی تصاویر یا ویڈیوز کے موڈ کو بہتر کرنے کا ذریعہ ہوگا۔ ناظرین اسٹیٹس پر موجود گانے پر ٹیپ کرکے آرٹسٹ کی انسٹاگرام پروفائل تک پہنچ سکتے ہیں۔
یہ نیا فیچر اس ایپ کے اسٹیٹس سیکشن میں حالیہ اضافے پر مبنی ہے، جن میں انٹرفیس کی اپڈیٹس اور نئے ری ایکشن آپشنز شامل ہیں۔ مستقبل کے اپڈیٹس میں صارفین مزید انٹرایکٹو ٹولز کی توقع کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل واٹس ایپ نے چار نئے فیچرز متعارف کروائے تھے جو دوستوں اور پیاروں کے ساتھ چیٹ کو مزید دلچسپ اور خوشگوار بنانے کے لیے بنائے گئے تھے۔
ایک بلاگ پوسٹ میں کمپنی نے کیمرہ ایفیکٹس، سیلفی اسٹیکرز، تیز ری ایکشنز، اور اسٹیکر پیک شیئرنگ جیسے فیچرز کے اضافے کا اعلان کیا تھا تاکہ پیغام رسانی کے تجربے کو بہتر اور آسان بنایا جا سکے۔
"اس اپڈیٹ کے ذریعے صارفین کو چیٹس میں لی جانے والی تصاویر یا ویڈیوز کے لیے 30 پس منظر، فلٹرز، اور ایفیکٹس تک رسائی حاصل ہوگی۔