جمعرات, مارچ 27, 2025
اشتہار

کرونا وائرس امریکا کب پہنچا؟ نیا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

کیلی فورنیا: امریکا کے مقامی صحت حکام نے انکشاف کیا ہے کہ کرونا وائرس بتائے ہوئے وقت سے بھی پہلے امریکا پہنچ چکا تھا، تاہم اسے محض فلو سمجھا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سانتا کلارا کاؤنٹی کے ہیلتھ آفیشلز نے بتایا ہے کہ کو وِڈ نائنٹین بتائے ہوئے وقت سے کئی ہفتے قبل جنوری ہی میں کیلی فورنیا میں گردش کر رہا تھا، اور اس سے ہونے والی اموات کے بارے میں یہ غلط فہمی تھی کہ ان کی وجہ فلو ہے۔

امریکی کاؤنٹی کی افسر سارا کوڈی نے میڈیا کو بتایا کہ 6 فروری کو ایک 57 سالہ خاتون کی کرونا وائرس سے موت ہو گئی تھی، اس سے قبل امریکا میں کرونا سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی تھی، امریکا میں جو پہلی موت بتائی گئی ہے وہ 29 فروری کو واشنگٹن میں ہوئی تھی، مریض کو وِڈ نائنٹین کی وجہ سے سانس کی نالی کی بیماری میں مبتلا تھا۔

ان خبروں کے بعد کیلی فورنیا کے صحت حکام نے کرونا وبا کے پھیلاؤ کو سمجھنے کے لیے مزید اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا، گزشتہ روز کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے تمام 58 کاؤنٹیز کے میڈیکل ایگزامنرز کو ہدایت جاری کی تھی کہ دسمبر 2019 میں ہونے والی اموات سے متعلق بھی تحقیق کی جائے تاکہ معلوم ہو کہ کہیں کرونا وائرس سے اموات اس سے بھی قبل تو واقع نہیں ہوئیں۔

سانتا کلارا کاؤنٹی کی پبلک ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سارا کوڈی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے

کیلی فورنیا کی خاتون کی موت اور دیگر دو کیسز، ایک 69 سالہ شخص جو 17 فروری کو اور 70 سالہ ایک اور شخص جو 16 مارچ کو مرا تھا، کے بارے میں CDC نے اب ٹشو سیمپلز کے ٹیسٹ سے تصدیق کر دی ہے کہ وہ کرونا وائرس سے ہوئی تھیں۔ سارا کوڈی کا کہنا تھا کہ کاؤنٹی میں اس انکشاف سے قبل پہلے مقامی کیس کی نشان دہی 28 فروری کو کی گئی تھی، تاہم جن تین مریضوں کی موت ہوئی تھی ان میں سے کسی نے سفر نہیں کیا تھا۔

سارا کوڈی نے کہا کہ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہم جو سمجھ رہے تھے، اس سے بھی پہلے کرونا وائرس ہماری کمیونٹی میں بہت تیزی سے پھیل چکا تھا، اس وقت چوں کہ فلو کا سیزن چل رہا تھا اس لیے ان کیسز کو بھی انفلوئنزا سمجھا گیا۔ مذکورہ تین کیسز کی نشان دہی اس لیے ہوئی کیوں کہ میڈیکل ایگزامنرز ان کی موت کی وجہ سے مطمئن نہیں ہو سکے تھے، اس وقت کرونا وائرس کا ٹیسٹ دستیاب نہیں تھا اس لیے انھوں نے ان کی میتوں سے ٹشوز محفوظ کر کے سی ڈی سی بھجوائے۔

خیال رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 47,681 ہو گئی ہے، جب کہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 49 ہزار سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔ کیلی فورنیا میں وائرس اب تک 1,437 جانیں لے چکا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں