دنیا کی مقبول ترین کرکٹ کا سب سے بڑا ملکی ٹورنامنٹ پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کا انعقاد آئندہ برس 8 فروری سے 24 مارچ تک ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی سربراہی میں پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس ہوا جس میں لیگ کے سیزن 9 سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
پی ایس ایل 9 آئندہ بس 8 فروری سے 24 مارچ تک کھیلا جائے گا تاہم حتمی شیڈول اگلے اجلاس میں طے ہوگا جب کہ اجلاس میں لیگ میں کسی نئی ٹیم کا اضافہ نہ کرنے اور پاکستان سپر لیگ کا نواں سیزن بھی 6 ٹیموں ہی کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں جنوری، فروری میں ممکنہ الیکشن کے حوالے سے بھی بحث ہوئی اور تمام فرنچائز نے اس بات پر اتفاق کیا کہ الیکشنز یا کسی دوسری وجہ سے پی ایس ایل کو دبئی منتقل نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اگر انتخابات کی وجہ سے میچز متاثر ہونے کا خدشہ ہوا تو پی ایس ایل کو کہیں اور منتقل کرنے کے بجائے شیڈول کو تبدیل کیا جائے گا۔
کرکٹ بورڈ کے مطابق ویمن کرکٹ کی پروموشن کے لیے پی ایس ایل کے دوران ویمنزکرکٹ کی بہتری کیلئےایونٹ میں خواتین کے نمائشی میچ بھی کرائے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری، ورلڈ کپ مہم کیلیے آج شب بھارت روانہ ہوگی
اجلاس میں ملتان سلطانز کے سابقہ مالک عالمگیر ترین مرحوم کی خدمات کو سراہا گیا۔