پشاور: خیبرپختونخوا میں شادی ہالز کے لیے ایس اوپیز تیار کرنے سے متعلق کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں شادی ہالز سے متعلق ایس او پیز تیاز کی جائے گی جس کے بعد ہالز کھولنے کے حوالے سے معاملہ زیرغور آئے گا، مشروط اجازت کے تحت ممکنہ طور پر صوبے میں ہالز کھل جائیں گے۔
وزیراعلیٰ محمود خان سے شادی ہالز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، اس دوران شادی ہالز کی صنعت سے وابستہ لوگوں کو درپیش مشکلات پر بات چیت ہوئی۔ وفد نے مخصوص اوقات کار کے تحت شادی ہالز کو مشروط طور پر کھولنے کی استدعا کی جس پر شادی ہالز کے لیے ایس اوپیز تیار کرنے سے متعلق کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
کرونا وائرس : حکومتی احکامات کی خلاف ورزی، شادی ہال کا مالک گرفتار
محمود خان کا کہنا ہے کہ ایس اوپیز کے بعد شادی ہالز کھولنے کا معاملہ این سی سی میں اٹھاؤں گا، شادی ہالز پر فیصلہ این سی سی کے اجلاس میں وفاق کی مشاورت سے ہوگا، وبا کی وجہ سے ہالز سمیت تمام شعبے بری طرح متاثر ہوئے۔
وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ صوبائی بجٹ میں شادی ہالز کو ٹیکسز میں خاطر خواہ ریلیف دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کروناوائرس کے پیش نظر ملک بھر میں شادی ہالز پر پابندی ہے، کسی بھی ہالز میں شادی بیاہ یا پھر دیگر سماجی تقریبات کی اجازت نہیں ہے۔ البتہ اب حکومت اس معاملے پر لچک دکھا رہی ہے۔