کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کی افتتاحی تقریب کے انعقاد کے لیے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کی افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کے مین گراؤنڈ میں نہ کرانے کا امکان ہے، گراؤنڈ کو بائیو سیکیور ببل کا حصہ قرار دیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ کو بائیو سیکیور ببل کا حصہ قرار دیا جائے گا، کھلاڑیوں اور مخصوص آفیشلز کے علاوہ گراؤنڈ میں داخلہ ممنوع ہوگا۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا انعقاد متبادل مقام پر کرائے جانے کا امکان ہے، افتتاحی تقریب مختصر لیکن رنگا رنگ ہوگی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سکس کا آغاز 20 فروری سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 6 میں شائقین کرکٹ کی مخصوص تعداد ممکنہ طور پر اسٹیڈیم میں بیٹھ کر میچز دیکھ سکے گی، پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر(این سی او سی) سے اجازت مانگ لی ہے، این سی او سی کی ہدایت کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ مخصوص تعداد میں اجازت ملی تو کورونا پالیسیز پر سختی سے عمل ہوگا، پی سی بی نے پاکستان میں میچز کے ٹکٹس سروسز کے لیے ٹینڈر بھی جاری کردیا ہے۔
پی سی بی نے پی ایس ایل کے ہر میچ کے لیے 12سے14ہزار شائقین کا پلان بھجوایا ہے۔ ممکنہ طور پر جلد غور کے بعد حکومت اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرے گی۔