کے الیکٹرک نے بجلی چوری کے خلاف موثر کارروائیوں کے بعد متعدد علاقے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیے۔
کے الیکٹرک نے صارفین کی جانب سے بروقت بلوں کی ادائیگی اور بجلی چوری کے خلاف جاری اقدامات کے باعث کراچی کے متعدد علاقے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ کر دیے گئے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق نصرت بھٹو موڑ، منگھوپیر روڈ، ہالاری میمن سوسائٹی، مسلمانانِ پنجاب سوسائٹی، کٹھیاوار سوسائٹی اسکیم 33، سائمہ ولاز سپر ہائی وے، چپل اپ ٹاؤن، ندیم ایونیو، وی آئی پی ویو، علی ریزیڈنسی، الغفور ایٹریئم ٹاور، صباء ایمپیریل اور نارتھ کراچی کے سیکٹرز 5-سی3، 5-سی4 اور 11-اے کو لوڈشیڈنگ سے مکمل استثنیٰ حاصل ہو چکا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ مانو میرانی گوٹھ، شاہ لطیف ٹاؤن تا گلشنِ حدید، منگھوپیر، نصرت بھٹو کالونی، علیزے گارڈن، گلستانِ احمد، باغِ حسن کالونی، قاسم آباد، قصبہ، اسلامیہ، ایم پی آر کالونی، صدیقِ اکبر محلہ اور اقبال گوٹھ سمیت دیگر کئی علاقے 4 گھنٹے کم لوڈشیڈنگ کی کیٹیگری میں آ چکے ہیں۔
یہ پیش رفت کے الیکٹرک کی جانب سے کیے گئے حالیہ جائزے کے بعد سامنے آئی ہے جس کے تحت نظرثانی شدہ لوڈشیڈنگ شیڈول نافذ کیا گیا ہے، گزشتہ جائزہ دسمبر 2024 میں کیا گیا تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے 2100 سے زائد فیڈرز پر مشتمل نیٹ ورک کا 70 فیصد حصہ اس وقت مکمل طور پر لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہے جب کہ باقی 30 فیصد علاقے بجلی چوری اور واجبات کی بنیاد پر 6 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔
نیا لوڈشیڈنگ شیڈول کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے جب کہ صارفین کے ای لائیو ایپ اور واٹس ایپ سروس کے ذریعے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔