اس ورلڈکپ میں کئی بڑی ٹیموں کی کارکردگی مایوس کن رہی جب کہ اپنی خراب پرفارمنس کے باعث سابق ورلڈ چیمپئن سائیڈ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 43 ویں میچ میں آسٹریلیا نے بنگلا دیش کو شکست تو دیدی تاہم اس کے باوجود سری لنکن کرکٹ ٹیم 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرنے سے محروم ہو گئی۔
ایونٹ میں سری لنکا کی پرفارمنس اتنی غیرمعیاری تھی کہ وہ اپنے نو میں سے صرف دو میچز ہی جیت پائی۔ ان سے زیادہ میچز افغانستان جیسی ٹیم نے جیتے جس نے چار میچز میں کامیابی اپنے نام کی اور پاکستان کی میزبانی میں کھیلے جانے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کیا۔
میدان سے باہر بھی سری لنکن بورڈ میں اکھاڑ پچھاڑ جاری رہی اور حکومتی مداخلت کے باعث سری لنکا کو آئی سی سی کی جانب سے معطلی کا بھی سامنا ہے۔
سری لنکا ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر چار پوائنٹس اور منفی نیٹ رن ریٹ 1.419- کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔ سری لنکا نے بنگلورو میں نیوزی لینڈ کے خلاف بدترین شکست کے ساتھ اپنی میگا ایونٹ مہم کا خاتمہ کیا
سری لنکن ٹیم آسٹریلیا پر انحصار کر رہی تھی کہ وہ بنگلادیش کو بڑے مارجن سے شکست دے تاکہ چیمپئنز ٹرافی میں اس کی جگہ بن سکے تاہم آسٹریلیا نے بنگلا دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست تو دی لیکن 307 رنز کا ہدف 44.4 اوورز حاصل کیا جس سے بنگلہ دیش کو کوئی فرق نہ پڑا۔
موجودہ صورتحال میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے جن ٹیموں نے کوالیفائی کیا ہے ان میں میزبان پاکستان بھارت، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقا، افغانستان اور انگلینڈ شامل ہیں۔