سعودی عرب کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے خوشخبری ہے کہ اب مملکت میں انشورنس سیلز کی تمام ملازمتیں صرف ان کو ہی دی جائیں گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی انشورنس اتھارٹی نے انشورنس سیلز کی تمام اسامیاں اپنے ملک کے شہریوں کے لیے ہی مختص کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس پر عملدرآمد آئندہ سال 15 اپریل سے ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق انشورنس اتھارٹی نے یہ فیصلہ سعودائزیشن کے تحت کیا ہے اور اس کے ساتھ ہی متعلقہ کمپنیوں کو متنبہ کیا کہ سعودائزیشن کے فیصلے پر عملدرآمد کی باقاعدہ نگرانی کی جائے گی۔
اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ انشورنس سیلز کے غیر ماہر عملے کو کسی بھی طرح کا کوئی کمیشن نہ دیا جائے۔
انشورنش اتھارٹی کے انشورنس سیلز کی سعودائزیشن سے متعلق فیصلےکے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ اس کے سعودی مارکیٹ پر غیر معمولی اثرات مرتب ہوں گے اور اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے اس اقدام سے ماہر سعودی نوجوانوں کو کام کے مواقع ملیں گے۔ اس شعبے کی کارکردگی بہتر ہوگی اور انشورنس سروس کا معیار بہتر ہوگا۔