کراچی: مزار قائد بے حرمتی کیس میں مفرور وزیر اعظم کے داماد صفدر اعوان کس کے ہاتھوں گرفتار ہوئے، منظرعام پر آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج نے تمام معاملات کو واضح کردیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جاری فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صبح چھ بج کر ٓآٹھ منٹ پر کراچی کے نجی ہوٹل میں پولیس کی دو موبائلیں داخل ہوئیں،فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے پولیس اہلکار ہوٹل میں داخل ہورہے ہیں۔
فوٹیج کے مطابق کیپٹن صفدر کی گرفتاری کا آپریشن چھیالیس منٹ جاری رہا، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو چھ بجکر پچاس منٹ پر کمرے سے
باہر نکال کر حراست میں لیا گیا، گرفتاری کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پولیس اہلکاروں کے ساتھ ہوٹل سے باہر آتے دیکھے جاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ انیس اکتوبر کی شب مزارقائد کے تقدس کی پامالی کے الزام میں پولیس نے کیپٹن(ر)صفدرکو گرفتارکیا تھا، ان کی گرفتاری نجی ہوٹل سےعمل میں لائی گئی، کیپٹن(ر)صفدر کو گرفتاری کے بعد عزیز بھٹی تھانے منتقل کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی : کیپٹن (ر) صفدر گرفتار، تھانے منتقل
اس حوالے سے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ پولیس نے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا ہے، میں جس ہوٹل میں ٹھہری تھی پولیس اس کے کمرے کا دروازہ توڑ کر داخل ہوئی۔
یاد رہے کہ مزار قائد کے تقدس کی پامالی پر مریم نواز اور کیپٹن صفدر کےخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمہ شہری کی مدعیت میں بریگیڈ تھانے میں علی الصبح درج کیا گیا تھا، مقدمہ قائداعظم مزار آرڈیننس کی خلاف ورزی کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا، بریگیڈ تھانے میں درج مقدمے میں مزید 200نامعلوم افراد بھی نامزد کئے گئے تھے۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے اٹھارہ اکتوبر کو کراچی میں جلسہ کیا گیاتھا، مریم نواز، مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو زرداری نے جلسے میں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایاتھا۔