اسرائیل نے یمن میں صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وحشیانہ بمباری کر دی تاہم خوش قسمتی سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ایڈہانوم گیبریئس بال بال بچ نکلے۔
الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایڈہانوم گیبریئس نے بتایا کہ اسرائیلی حملے نے صنعا کے ہوائی اڈے کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اور ڈبلیو ایچ او کی ٹیمیں اقوام متحدہ کے زیر حراست کارکنوں کی رہائی کے مشن کے بعد دارالحکومت سے نکل رہی تھیں۔
ایڈہانوم گیبریئس زیر حراست اقوام متحدہ کے عملے کی رہائی اور جنگ زدہ ملک میں صحت اور انسانی صورتحال کا جائزہ لینے کے مشن پر یمن میں موجود تھے۔
انہوں نے اب سے کچھ دیر قبل سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے طیارے کے عملے کا ایک رکن زخمی ہوا ہے، ہوائی اڈے پر کم از کم دو افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
وہ بتاتے ہیں کہ اسرائیلی حملے میں ائیر ٹریفک کنٹرول ٹاور، ڈیپارچر لاؤنج (جہاں سے ہم کچھ ہی فاصلے پر تھے) اور رن وے کو نقصان پہنچا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او کی ٹیمیں انتظار کر رہی ہیں کہ ہوائی اڈے فعال ہو تاکہ روانہ ہو سکیں۔