عالمی نمبر ایک ٹیم کے کپتان ورلڈ نمبر ون بیٹر بابر اعظم کو حال ہی میں مہنگی کار ’’آڈی‘‘ تحفے میں ملی ہے کیا آپ جانتے ہیں یہ کس نے دی ہے؟
قومی کپتان بابر اعظم صرف میدان میں ہی نہیں بلکہ میدان سے باہر بھی مقبول ہیں اور اگر بات ہو ان کے گھر کی تو وہ گھر بھر کے لاڈلے ہیں اس لاڈ اور پیار کا اظہار ان کے بھائی فیصل اعظم نے بابر کو مہنگی آڈی کار تحفے میں دے کر کیا ہے۔
اس حوالے سے فیصل اعظم نے اپنا ایک وی لاگ یو ٹیوب پر اپ لوڈ کیا ہے جس میں وہ بابر اعظم کو یہ قیمتی کار تحفے میں دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اسی ویڈیو میں قومی کپتان کو آڈی کار میں بیٹھے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
سپر اسٹار بلے باز کو تحفے میں ملنے والی کار آڈی ای ٹرون جی ٹی ماڈل کی ہے اور انہیں یہ تحفہ ایشیا کپ کے آغاز سے قبل دیا گیا۔
اپنے وی لاگ میں فیصل اعظم نے بھائی کو آڈی کار دینے کی دلچسپ وجہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ انہون نے یہ کار اس وجہ سے تحفے میں دی کیونکہ یہاں آڈی کا اسٹور ہے اور انہیں اسپیئر پارٹس یہاں سے لینے میں آسانی ہوگی۔
اس ویڈیو پر بابر اعظم کے فینز اور عام صارفین کے تبصرے جاری ہیں۔
ایک صارف نے کہا کہ بابر اعظم کو ان کی عاجزی اور انکساری مقبول بناتی ہے۔ حنین نامی صارف نے کہا کہ بال بوائے سے اس تحفے تک، میں بابر اعظم کے لیے بہت خوش ہوں۔