2003 میں منا بھائی ایم بی بی ایس اور 2006 میں لگے رہو منا بھائی کی بلاک بسٹر کامیابی کے بعد 17 سال سے شائقین کو اس کے تیسرے سیکوئل کا انتظار ہے اب اس بارے میں ارشد وارثی نے انکشاف کیا ہے۔
منا بھائی سیریز کی ابتدائی دو فلموں میں سرکٹ کو مشہور کردار نبھانے والے ارشد وارثی نے حال ہی میں ایک بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں ارشد وارثی نے انکشاف کیا تھا کہ منا بھائی سیریز کا تیسرا سیکوئل بنانے کے لیے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر بھی ہیں جو انہیں بنانا چاہتے ہیں، اداکار بھی ہیں جو کام کرنا چاہتے ہیں جب کہ ناظرین بھی ہیں جو فلم دیکھنا چاہتے ہیں اس کے باوجود اگر اس میں تاخیر ہے تو اس کی وجہ کوئی اور نہیں بلکہ اس کے ہدایت کار راج کمار ہیرانی ہیں۔
ارشد وارثی نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ راجکمار ہیرانی جو کہ منا بھائی سیریز کی ابتدائی دونوں فلموں کے ہدایت کار ہیں وہ بے حد پرفیکشنسٹ ہیں ان کے پاس اس وقت فلم کے لیے تین اسکرپٹ ہیں جو شاندار تو ہیں لیکن ان کے مطابق اس میں کچھ کمی ہے تو جب تک راجو کسی بھی اسکرپٹ پر 100 نہیں بلکہ 200 فیصد پُر یقین نہیں ہوگا تب تک وہ اس پر کام شروع نہیں کرے گا یہی وجہ ہے کہ اس میں معمول سے کچھ زیادہ ہی وقت لگ رہا ہے۔
اداکار نے کہا کہ جب اس حوالے سے کوئی بھی راجو سے پوچھے گا تو وہ ہمیشہ ہاں کہے گا اگر، مگر نہیں کرے گا لیکن یہ حقیقت ہے کہ جب تک وہ اسکرپٹ پر حتمی کام نہیں کرلے گا اس وقت تک وہ اس کا قطعی آغاز نہیں کرے گا۔