نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر محمد عباس نے پاکستان کے خلاف ڈیبیو پر تیز ترین نصف سنچری جڑ دی۔
سابق پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹر اظہر عباس کے بیٹے محمد عباس نے آج پاکستان کے خلاف ون ڈے میچ میں ڈیبیو کیا اور آخری اوورز میں تیز ترین نصف سنچری بنادی۔
محمد عباس کون ہیں؟
2003 میں اظہر کے ہاں لاہور میں بیٹے کی پیدائش ہوئی جب انہوں نے سوچا کے بیٹے کو کرکٹر بنانا ہے۔
بیٹے کی پیدائش کے بعد اظہر فیملی کے ساتھ نیوزی لینڈ منتقل ہوگئے، بیٹے نے پروفیشنل کیریئر وہاں سے ہی شروع کیا، سپر اسمیش لیگ میں لمبے لمبے چھکے لگا کر نظروں میں آگئے۔
پاکستان کے خلاف موقع ملا تو پہلے ہی میچ میں چھا گئے، ون ڈے ڈیبیو پر تیز ترین ففٹی بنائی اور محمد رضوان کی وکٹ بھی حاصل کی۔
پاکستان نے نیپیئر میں نیوزی لینڈ کے خلاف 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے۔
پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی ابتدائی 3 وکٹیں 50 رنز گر گئی تھیں، ول ینگ 1، نک کیلی 15 اور ہینری نکلز 11 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے۔
مارک چیپمین نے 132 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 13 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے جبکہ ڈیرل مچل 76 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
محمد عباس نے اپنے ڈیبیو میچ میں 26 گیندوں پر 52 برق رفتار رنز اسکور کیے، جس میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔