ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔
نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کی جانب سے دیا جانے والا 283 رنز کا ہدف باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، کیوی بیٹر ڈیوڈ کونوے نے 152 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ورلڈ کپ میں رچن رویندرا نے بھی اپنی پہلی سنچری اسکور کی اور نیوزی لینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
رچن رویندرا 123 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور انہوں نے کونوے کے ساتھ مل کر 273 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
رچن رویندرا کون ہیں؟
نیوزی لینڈ کے بیٹر رچن رویندرا نے 2019 میں مداح بن کر میچ دیکھا اور 2023 میں سنچری بنا کر اسٹار بن گئے۔
رچن کے والد نے راہول کا ’را‘ اور سچن کا ’چن‘ ملا کر بیٹے کا نام رکھا تھا، انہوں نے انڈر 19 ورلڈ کپ 2018 میں بطور اوپنر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
وہ آبائی ملک میں ورلڈ کپ کے ڈیبیو پر سنچری بنا کر ہیرو بن گئے۔
رچن نے 2021 میں پہلی بار ٹی 20 میں کیوی ٹیم کی نمائندگی کی پھر ون ڈے اور ٹیسٹ بھی کھیلے، انہوں نے 12 ون ڈے میں لوئر آرڈر میں بیٹںگ کی، وارم اپ میچ میں بطور اوپنر بیٹنگ کی۔
کیوی اوپنر کا کہنا تھا کہ وہ سچن کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں جبکہ انہیں برائن لارا اور کمار سنگاکارا بھی پسند ہیں۔