اسلام آباد : عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے مشکل گھڑی میں بڑا تعاون کرتے ہوئے کورونا ٹیسٹ مشین اور کٹس پاکستان کے حوالے کردی، نمائندہ ڈبلیو ایچ او نے وزیراعظم پاکستان کے وبا سے بچاؤ کیلئے اقدامات کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کیخلاف جنگ کیلئے پاکستان کوحفاظتی سامان فراہم کردیا گیا ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے نے حفاظتی سامان این ڈی ایم اے حکام کے حوالے کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کو1500پی اوسی کٹس اور 1000ٹیسٹنگ مشین کا عطیہ دیا، 1000مشین سے 15 ہزار کورونا ٹیسٹ ممکن ہوں گے جبکہ 15ہزاروی ٹی ایم بھی عطیہ کیں، جس کے زریعے وائرس ٹرانسپورٹ میڈیم میں مریض کا سیمپل محفوظ کیاجاتاہے۔
نمائندہ ڈبلیو ایچ او نے کہا ڈبلیوایچ اوعوام کو وباسے بچانے کیلئے پاکستان کی معاونت کررہا ہے، این ڈی ایم اے، وزارت صحت کے ساتھ ملکر کوشاں ہیں، وزیراعظم پاکستان کے وبا سے بچاؤ کیلئےاقدامات کو سراہتےہیں۔
میجرجنرل عامراکرام نے کہا ڈبلیوایچ اوکی جانب سے معاونت پر مشکورہیں، اسپتالوں کو حفاظتی سامان کی فراہمی جاری ہے۔
دوسری جانب چیئرمین این ڈی ایم اےلیفٹیننٹ جنرل محمدافضل کا کہنا تھا کہ این 95 ماسک کے علاوہ تمام حفاظتی سامان پاکستان میں تیار ہورہا ہے، یومیہ 50ہزارٹیسٹ کرنےکی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ ملک میں37ٹیسٹنگ لیبارٹریاں کام کررہی ہیں، مزید25لیبارٹریوں کوجلدفعال کردیاجائے گا، کورونا ٹیسٹ کیلئے 100موبائل لیبارٹریاں بھی قائم کی جارہی ہیں۔