لاہور: قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے پارلیمنٹ کے باہر ن لیگی اراکینِ پارلیمنٹ کی سجائی جانے والی اسمبلی میں سابق اسپیکر ایاز صادق کی اسپیکر گاؤن میں شرکت پر ایکشن لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایاز صادق نے پارلیمنٹ کے باہر گاؤن پہن کر احتجاجی اجلاس کی صدارت کی، جس پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے سیکریٹری قومی اسمبلی سے رپورٹ طلب کر لی۔
[bs-quote quote=”گاؤن کس نے فراہم کیا، سابق اسپیکر کے قریبی افسران سے پوچھ گچھ شروع” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد قیصر نے اس بات کی تحقیقات کا حکم دیا ہے کہ کس افسر نے اسپیکر کا گاؤن ایاز صادق کو فراہم کیا، بلا جواز اجلاس کے لیے اسپیکر کا گاؤن پہننا پارلیمانی روایات کی نفی ہے۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق سابق اسپیکر کے قریبی افسران سے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے، سیکریٹری ٹو اسپیکر سعید میتلا پر بھی انگلیاں اٹھ گئیں، سعید میتلا ایاز صادق کے دست راست سمجھے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگی ارکان کی ہٹ دھرمی برقرار، قومی اسمبلی کے باہر اسمبلی سجا لی
دوسری طرف قومی اسمبلی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا پارلیمنٹ کے باہر اجلاس بلانا روایات کے منافی عمل ہے، شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر کے باوجود اپوزیشن نے اجلاس بلایا۔
ترجمان نے بتایا کہ اپوزیشن نے 7 اکتوبر کو اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کرائی تھی، اسپیکر نے اپوزیشن کے مطالبے پر شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے، آرٹیکل 54 کے تحت اسپیکر 14 دن میں اجلاس بلانے کا پابند ہے۔
ترجمان کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے 17 اکتوبر کو دن 11 بجے اجلاس طلب کر لیا ہے، ریکوزیشن کی میعاد ختم ہونے میں کئی دن باقی تھے، اجلاس سے ایک ہفتہ پہلے پروڈکشن آرڈر جاری کر کے نئی روایت قائم کی۔