اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

یہ جوانی ہے دیوانی: نینا کا کردار دپیکا سے پہلے کسے آفر کیا گیا تھا؟

اشتہار

حیرت انگیز

بالی ووڈ کی مشہور فلم یہ جوانی ہے دیوانی کی ریلیز کو 10 سال مکمل ہوگئے، فلم میں نینا کا مرکزی کردار سب سے پہلے معروف اداکارہ کترینہ کیف کو آفر کیا گیا تھا تاہم انہوں نے انکار کردیا۔

سنہ 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم یہ جوانی ہے دیوانی کی کاسٹ میں دپیکا پڈوکون، رنبیر کپور، ادیتیہ رائے کپور اور کالکی کوئچلن شامل تھے۔

فلم کے ہدایت کار ایان مکھرجی اور پروڈیوسر کرن جوہر تھے، فلم کے مرکزی کردار نینا کے لیے دونوں کا پہلا انتخاب کترینہ کیف تھیں۔

کترینہ کیف کو جب اس کردار کی پیشکش کی گئی تو انہوں نے اس کے لیے ہامی بھرلی، تاریخیں طے ہوگئی اور سب معاملات طے ہوگئے۔

لیکن پھر اچانک کترینہ کو یش راج کی فلم دھوم 3 کی پیشکش کردی گئی۔

فلم میں عامر خان مرکزی کردار ادا کر رہے تھے، کترینہ نے عامر کے ساتھ پہلے کبھی کام نہیں کیا تھا، پھر دونوں فلموں کی شوٹنگ کی تاریخیں بھی ایک دوسرے سے متصادم تھیں۔

کترینہ نے کئی دن سوچنے کے بعد بالآخر دھوم 3 کے لیے ہاں کردی اور کرن جوہر کو انکار کہلوا بھیجا۔ کرن جوہر نے ان کے انکار کا برا نہیں منایا کیونکہ یش راج کی فلم بھی ان کے لیے ایک فیملی پروجیکٹ تھا۔

دونوں فلمیں بنیں اور یہ جوانی ہے دیوانی نے مقبولیت کے ریکارڈز توڑ دیے، دوسری طرف دھوم 3 نے اوسط درجے کی کامیابی حاصل کی جبکہ اس میں کترینہ کا کردار بھی معمولی نوعیت کا اور ان کو دیا گیا وقت کم تھا۔

اس کے برعکس یہ جوانی ہے دیوانی اپنے مرکزی کردار نینا کے گرد گھوم رہی تھی۔

اس فلم کی ریلیز کا ایک اور نقصان ادیتیہ رائے کپور کو ہوا جو سپورٹنگ ایکٹر کے طور پر اوی کا کردار ادا کر رہے تھے۔ اسی فلم کے ساتھ ان کی مشہور فلم عاشقی 2 بھی ریلیز ہوئی تھی جس میں وہ ہیرو کا مرکزی کردار ادا کر رہے تھے۔

اب ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ دونوں فلموں کی مقبولیت کے بعد ادیتیہ کو مرکزی کردار کی آفرز ملنی چاہیئے تھیں، لیکن یہ جوانی ہے دیوانی میں ان کے سپورٹنگ کردار کو زیادہ پسند کیا گیا اور انہیں ایسے ہی کرداروں کی پیشکشیں آنے لگیں جس میں مرکزی کردار کوئی اور اداکار ادا کرتا۔

یوں ادیتیہ نے عاشقی 2 ہٹ ہونے کے باجود ہیرو کے طور پر کیریئر بنانے کا موقع کھو دیا اور انہیں سپورٹنگ کردار ہی ملنے لگے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں