لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بابر اعظم کو ٹیسٹ اور محمد رضوان کو ٹی ٹوینٹی کی نائب کپتانی دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم کو مستقبل کی حکمتِ عملی کے تحت ٹیسٹ اسکواڈ کا نائب کپتان بنایا جاسکتا ہے اسی طرح انہیں ٹی ٹوینٹی کے علاوہ قومی ٹیم کی قیادت بھی سونپی جاسکتی ہے۔
غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق پی سی بی نے وکٹ کیپر محمد رضوان کو ٹی ٹوینٹی کا نائب کپتان بنانے پر غور شروع کردیا، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نائب کپتانی کے ناموں کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: سرفراز احمد سے کپتانی واپس لینے کا معاملہ، معین خان نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی نے سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی کی کپتانی سے ہٹاتے ہوئے اظہرعلی کو ٹیسٹ جبکہ بابراعظم کو ٹی ٹوینٹی کا کپتان مقرر کیا تھا۔
پی سی بی کی جانب سے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ سیزن 20-2019 میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچز میں اظہر علی ہی پاکستانی ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ آئندہ سال 2020 میں آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ میں بابراعظم قومی ٹی 20 ٹیم کی قیادت کریں گے۔
عہدے واپس لیے جانے کے بعد سابق کپتان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلنا اعزاز کی بات ہے، قیادت کرنا بھی میرے لیے بہت اہم تھا اور مستقبل میں بھی ملک کے لیے کھیلتا رہوں گا۔