حکومتی اتحاد پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں خیبر پختونخوا کے بعد بلوچستان میں بھی گورنر کی تعیناتی کے لیے ایک نام پر متفق ہوگئی ہیں۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک الائنس میں شامل جماعتوں کا گورنر بلوچستان کے نام پر حتمی فیصلہ ہو گیا ہے اور یہ اہم آئینی عہدہ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم قیادت اور بی این پی مینگل کے درمیان گورنر شپ کا معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے مطابق بی این پی مینگل کے رہنما عبدالولی کاکڑ کو گورنر بلوچستان نامزد کردیا گیا ہے، آئندہ چند روز میں عبدالولی کاکڑ عہدے کا حلف لیں گے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے کے پی اور بلوچستان کے گورنر کے منصب فارغ تھے، گزشتہ روز 6 ماہ سے زائد طویل عرصے کے بعد کے پی میں گورنر شپ جے یو آئی ف کو دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا کی گورنر شپ جے یو آئی کو دینے کا فیصلہ
ذرائع کا کہنا تھا کہ اے این پی کے پی گورنر شپ کے مطالبے سے دستبردار ہونے پر رضامند ہوگئی ہے جس کے عوض اسے وفاق میں اہم ذمے داری دی جائیگی جب کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی قریبی شخصیت آئندہ چند دنوں میں کے پی کے گورنر کا منصب سنبھالیں گے۔