بدھ, جنوری 15, 2025
اشتہار

وفاق میں حکومت نہ بننے پر پی ٹی آئی کا اپوزیشن لیڈر کون ہوگا؟

اشتہار

حیرت انگیز

انتخابات کے نتائج میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سب سے بڑا گروپ ہیں تاہم وفاق میں حکومت نہ بننے پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے نتیجے میں کسی بھی سیاسی جماعت کو تنہا حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت نہیں ملی ہے اور غیر سرکاری وغیر حتمی نتائج کے مطابق تاحال پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کا گروپ قومی اسمبلی کی 93 نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے۔

وفاق میں حکومت بنانے کے لیے سیاسی جماعتوں کی جانب سے سرگرمیاں جاری ہیں اور گزشتہ روز 6 جماعتوں پر مشتمل ایک اتحادی حکومت کا خاکہ پیش کیا گیا ہے جس میں ن لیگ کے شہباز شریف کو وزیراعظم کے لیے نامزد کیا گیا ہے تاہم پی ٹی آئی بھی وفاق میں حکومت بنانے کی دعوے دار ہے۔

- Advertisement -

وفاق میں اگر پی ٹی آئی حکومت نہیں بنا پاتی ہے تو پھر تحریک انصاف کا قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کون ہوگا اس بارے بھی تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے علی محمد خان اور بیرسٹر گوہر علی خان کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے تاہم قائد حزب اختلاف کا حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی کے لیے علی امین گنڈاپور کو نامزد کیا تھا جب کہ پی پی، ن لیگ اور ایم کیو ایم سے کسی بھی بات چیت کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف کو مذکورہ جماعتوں کے علاوہ تمام جماعتوں سے رابطے کرنے کی ہدایت کی تھی۔

Comments

اہم ترین

عبدالقادر
عبدالقادر
عبدالقادر پچھلے 8برس سے اے آر وائی نیوز میں بطور سینئر رپورٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، آپ وزیراعظم عمران خان اور حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف سے جڑی خبروں اور سیاسی معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں