واشنگٹن: کرونا ویکسین پہلے کسے دستیاب ہوگی، اس بات کا فیصلہ ہوگیا، امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں ویکسین ہیلتھ ورکرز کو فراہم کی جائی گی۔
امریکی میڈیا کے مطابق سب سے پہلے امریکا میں 2 کروڑ ہیلتھ ورکرز کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی، ہیلتھ ورکرز کے بعد عمر رسیدہ افراد کو کرونا ویکسین دی جائے گی۔
امریکی میڈیا نے یہ خوش خبری بھی سنا دی ہے کہ فارماسیوٹیکل کمپنیوں فائزر اور موڈرنا کی ویکسینز آئندہ 2 ہفتے میں دستیاب ہوں گی، جب کہ جنوری تک 2 کروڑ 20 لاکھ امریکیوں کو ویکسین دی جا چکی ہوگی، ہر شخص کو کرونا ویکسین کے 2 شاٹس لینا ہوں گے۔
عمر رسیدہ افراد کے بعد ویکسین انڈسٹری ورکرز کو فراہم کی جائے گی، انڈسٹریز میں 8 کروڑ سے زائد امریکی ملازمت کر رہے ہیں، اس کے بعد مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کو ویکسین دی جائے گی۔
کرونا ویکسین کا استعمال: امریکا کا بڑا فیصلہ
امریکی میڈیا کے مطابق صحت مند افراد 2021 کے مئی، جون تک ویکسین حاصل کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی دوا ساز کمپنی موڈرنا نے امریکا کے محکمہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن سے کرونا ویکسین کی ہنگامی حالت میں استعمال کی منظوری مانگ لی ہے۔
گزشتہ روز مذکورہ کمپنی نے ایک ٹویٹ میں خبر دی کہ کمپنی کی جانب سے کرونا ویکسین mRNA-1273 کے ایمرجنسی استعمال کے لیے کلینکل ٹرائلز کے نتائج ایف ڈی اے کو فراہم کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ موڈرنا ویکسین 94.1 فی صد تک کار آمد ثابت ہوئی ہے۔