آئندہ ماہ بھارت میں شروع ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی 15 رکنی اسکواڈ کن کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا اس کا ابتدائی خاکہ تیار کر لیا گیا ہے۔
کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا آئندہ 5 اکتوبر سے بھارت میں آغاز ہو رہا ہے۔ میگا ایونٹ کے لیے میزبان ملک سمیت کئی ممالک نے اپنے اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے تاہم پاکستان تاحال ٹیم کا اعلان نہیں کر سکا ہے جس کی ایک وجہ ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی بدترین ناکامی بھی ہے جس نے کرکٹ کے بڑوں کو سر جوڑنے پر مجبور کر دیا۔
گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور چیف سلیکٹر انضمام الحق میں ورلڈ کپ کے اسکواڈ کے لیے ابتدائی مشاورت ہوئی جس میں بہت زیادہ تبدیلیاں نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ چیف سلیکٹر سے حتمی مشاورت کے بعد ایک دو روز میں گرین شرٹس کے اسکواڈ کا اعلان متوقع ہے۔
تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ میگا ایونٹ کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا ابتدائی خاکہ تیار کر لیا گیا قیادت بابر اعظم کریں گے۔ شاہین شاہ، امام الحق، عبداللہ شفیق شامل ہوں گے جب کہ ایشیا کپ میں آؤٹ آف فارم فخر زمان بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
ممکنہ 15 رکنی اسکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے ساتھ مڈل آرڈر میں سعود شکیل، سلمان علی آغا، افتخار احمد کو رکھا جائے گا جب کہ آف کلر آل راؤنڈر شاداب خان، محمد نواز بھی شامل ہوں گے۔
فاسٹ بولر حسن علی اور ابرار احمد کے بھی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت کا قوی امکان ہے۔
اوور 40 گلوبل کرکٹ کپ کا آج سے آغاز، سابق کرکٹ ستارے جگمگائیں گے
ذرائع کا کہنا ہے کہ فہیم اشرف، وسیم جونیئر، محمد حارث اور اسامہ میر کو ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ نہ بنائے جانے کا امکان ہے۔