بھارت کے صف اول کے اداکار اور 80 کی دہائی کے بڑے سپر اسٹارز میں سے ایک اداکار متھن چکروتی نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں رنگت کی وجہ سے انھیں تعصب کا نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اداکار ان کی رنگت کی وجہ سے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیتے تھے۔ زینت امان وہ پہلی اداکارہ تھیں جنھوں نے کہا کہ یہ لاجواب دکھتا ہے اور میرے ساتھ خوشی سے کام کرنے کی حامی بھری۔
انھوں نے کہا کہ زینت امان پہلی اے گریڈ اداکارہ تھیں جنھوں میرے ساتھ کام کیا جب کوئی دوسرا میرے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتا تھا۔ زینت کے آنے کے بعد پھر میرے لیے دروازے کھل گئے اور میں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
متھن کے مطابق انھوں نے اسی وجہ رقص کے ہنر میں مہارت حاصل کرتے ہوئے منفرد اسٹیپس پر عبور حاصل کیا تاکہ لوگ ان کے چہرے اور رنگت سے توجہ ہٹا سکیں۔ میں سوچتا تھا کہ اگر میں نے اپنی ٹانگوں کے ساتھ ڈانس کیا تو کوئی بھی میرے رنگ کو نہیں دیکھے گا۔
80 کی دہائی کی سپراسٹار نے کہا کہ میں عام آدمی کا ہیرو بنا اور یہ میرے لیے بہت بڑی بات تھی کہ میں عام عوام کا سپر اسٹار تھا۔ متھن نے ڈسکو ڈانسر، ڈانس ڈانس، پریم پرتگیا اور اگنی پتھ سمیت کئی مشہور فلموں میں کام کیا ہے۔ وہ آخری بار وویک اگنی ہوتری کی فلم کشمیر فائلز میں نظر آئے تھے۔