The news is by your side.

Advertisement

پی ایس ایل میں بائیو سیکیورببل کیوں ناکام ہوا؟ تحقیقاتی رپورٹ جمع

پی ایس ایل سکس میں بائیو سیکیورببل کی ناکامی کے اسباب جاننے کے لئے بنائی گئی فیکٹ ‏فائنڈنگ پینل نے اپنی تیار کردہ رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھیج دی ہے۔

دو رکنی فیکٹ فائنڈنگ پینل کی رپورٹ پی سی بی کو موصول ہو گئی رپورٹ چیئرمین پی سی بی ‏احسان مانی کو جمع کروائی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کرے گا ‏فیکٹ فائنڈنگ پینل وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر سید فیصل محمود اور ڈاکٹر سلمہ محمد عباس پر ‏مشتمل ہے۔

پینل نے پی ایس ایل 6 کے لیے بائیو سیکیور پروٹوکولز اور ضمنی قوانین کا تفصیلی جائزہ لیا، دو ‏رکنی آزاد پینل پی سی بی کو اپنی رپورٹ میں بتائے گا کہ ‏وہ کون سی وجوہات تھیں جس کے ‏باعث بائیو سیکیور ماحول کوویڈ فری کیوں نہ رہ سکا؟

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کی چار تاریخ کو پاکستان سپر لیگ سیزن سکس سات کرونا کیسز رپورٹ ‏ہوئے تھے، جس کے بعد پی سی بی نے ٹیم مالکان کی مشاورت سے کرکٹ کے اس میلے کو ملتوی ‏کردیا تھا۔

پی سی بی میڈیکل پینل کے ہیڈ سہیل سلیم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، ڈاکٹر سہیل ‏پاکستان سپر لیگ میں بائیو سیکیور ببل اور ایس او پی کی تیاریوں کے باعث شدید تنقید کی زد ‏میں تھے۔

گیارہ مارچ کو پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل انتظامیہ کے درمیان اہم بیٹھک ہوئی، جس میں ‏طویل غوروفکر کے بعد پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز جون میں کرانے پر اتفاق کیا گیا، اس کے ‏علاوہ اس نقطے پر بھی اتفاق کیاگیا کہ کھلاڑیوں کی دستیابی کے بعد میچز کرانے کا اعلان ‏کیاجائیگا۔

اہم ترین اجلاس میں پی سی بی اور ٹیم مالکان نے اتفاق کیا کہ پی ایس ایل کے باقی میچز ‏پاکستان میں ہی ہونگے۔

اس سے قبل پی ایس ایل فرنچائز نے پی ایس ایل سے متعلق معاملات کا ازسر نو جائزہ لینے مطالبہ ‏کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ اہم معاملات میں مشاورت نہیں کی جاتی، کرونا پروٹوکولز پر بھی ‏فرنچائز سے بات نہیں کی گئی، معاملات سے دور رکھنے کی وجہ سے صورت حال خراب ہوئی۔

فرنچائز کا شکوہ تھا کہ کسی بھی معاملے پر منصوبہ بندی کرنی ہو تو فرنچائز کو دور رکھا جاتا ‏ہے، اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے تحمل سے فرنچائز کی بات سنی اور فرنچائز ‏کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں فرنچائز کو شکایات کا ‏موقع نہیں ملے گا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں