ریاض: سعودی عرب میں پولیس نے سوشل میڈیا پر خطیر رقم کی نمائش کرنے والے غیرملکی کو گرفتار کرلیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گرفتار تارک وطن کا تعلق پاکستان سے ہے، ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مذکوہ شخص کسی کمپنی کے پیسوں کی نمائش کررہا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مختصر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر وائرل ویڈیو میں جو رقم نظر آرہی ہے وہ گرفتار شخص کی نہیں بلکہ ایک کمپنی کی ملکیت ہے جہاں اس کا ساتھی دوست کام کرتا ہے۔
مکہ مکرمہ ریجن پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص پاکستانی تارک وطن ہے اور عمر کی تیسری دہائی میں ہے۔
پولیس نے کہا کہ گرفتار غیرملکی فخریہ انداز میں پیسوں کی نمائش کر رہا تھا لیکن یہ خطیر رقم کمپنی سے کیسے حاصل کی گئی اس حوالے سے تحققیات کررہے ہیں۔
اس ضمن میں پولیس کا مزید کہنا تھا کہ وائرل ویڈیو کی ہی مدد سے اس کی گرفتاری عمل میں آئی ہے، ملزم کے خلاف دھوکہ دہی اور سائبرکرائم کے الزام کے تحت تفتیش جاری ہے۔