خاتون نے سفر کے دوران اچانک بس کنڈکٹر پر سانپ پھینک دیا جس سے خوف ہراس پھیل گیا ڈرائیور اور مسافر بھاگ کھڑے ہوئے۔
یہ حیرت انگیز خوفناک واقعہ بھارت کے علاقے ودھیا نگر میں پیش آیا جب ایک چلتی بس میں خاتون نے کنڈکٹر پر سانپ پھینک دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ودھیا نگر بس اسٹاپ کے قریب دلسکھ نگر ڈپو کی بس گزر رہی تھی کہ راستے میں نشے میں دھت ایک خاتون نے بس کو رُکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور نے خاتون کی حالت دیکھتے ہوئے بس نہ روکی جس پر اس نے شراب کی بوتل بس پر پھینک دی اور گاڑی کا پچھلا شیشہ ٹوٹ گیا۔
رپورٹ کے مطابق خاتون کی اس حرکت پر ڈرائیور نے بس روک دی۔ ڈرائیور اور کنڈکٹر نے شراب کی بوتل پھینکنے اور بس کو نقصان پہنچانے والی خاتون کے پاس پہنچے جہاں خاتون کنڈکٹر نے شرابی عورت کو پکڑ لیا۔
تاہم اسی دوران وہ ہوا جو کسی کے وہم وگمان میں بھی نہ تھا۔
شرابی عورت نے اپنے بیگ سے ایک سانپ نکال کر خاتون کنڈکٹر پر ڈال دیا جس سے وہ خوفزدہ ہوگئی جب کہ ڈرائیور اور دیگر مسافر وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے۔
بعد ازاں پولیس اطلاع پر جب جائے وقوعہ پر پہنچی تو تب تک ملزمہ اور سانپ وہاں سے غائب ہو چکے تھے۔ پولیس نے کیس درج کر کے واقعے کی چھان بین شروع کر دی ہے۔