تازہ ترین

سردی کے موسم میں انڈے کھانا کیوں ضروری ہیں؟

سردی کے موسم سے خود کو بچانے کے لیے انسان گرم تاثیر والی غذاؤں کا استعمال بڑھا دیتا ہے تاکہ وہ خود میں ٹھنڈی ہواؤں اور کم درجہ حرارت سے مقابلے کی صلاحیت پیدا کرے۔

ویسے بھی موسم سرما میں انسان کی بھوک بڑھ جاتی ہے اور وہ ایسی خوراک جو گرمیوں میں کھائی نہیں جاتیں انہیں ٹھنڈے موسم میں روز مرہ کے طور پر استعمال کرتا ہے جیسے سوپ، خشک میوہ جات، گری، اور انڈے وغیرہ۔

ماہرین غذا کے مطابق سردیوں میں چند بنیادی بیماریوں سے بچنے کے لیے انڈوں کا استعمال ضروری ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ انڈا صحت مند غذا ہے جسے سردی میں اس لیے بھی کھانا چاہیے کیونکہ سرد موسم میں بہت سارے جراثیم انسان کو بیمار کرتے ہیں، انڈوں میں قدرتی طور پر ایسے اجزا موجود ہیں جو بیکٹیریا سے مقابلے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ایک عام انڈے میں چھ گرام پروٹین موجود ہوتا ہے، اور انڈے میں‌ ایک ایسا پروٹین ہے جو جسم کے اندر اینٹی باڈیز بنانے کے کام آتا اور مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے۔

انڈے میں موجود چکنائی میں یہ خاصیت ہے کہ یہ انسان کو موٹاپے سے بچاتی اور مناسب مقدار میں جسم کو گرمی فراہم کرتی ہے۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ انڈوں میں وٹامن ڈی کی وافر مقدار پائی جاتی ہے، سردی کے موسم میں دھوپ کم ہونے کی وجہ سے وٹامن ڈی کی کمی ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے ہڈیوں اور جوڑوں میں درد کی شکایت بڑھ جاتی ہے، اس لیے بھی سردی میں انڈے کا استعمال ضروری بتایا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ انڈے کو ابال کر، تل کر یا کسی بھی سالن وغیرہ کے ساتھ کھایا جاسکتا ہے، ہر طرح سے یہ ایک ہی قسم کا فائدہ دیتا ہے۔


نوٹ: عارضہ قلب سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا مریض اپنے ڈاکٹرز سے مشورے کے بعد انڈوں کا استعمال کریں۔

Comments

- Advertisement -