پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا اپنے دلچسپ بیانات پر خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں اب انہوں نے ماضی میں اپنے ریما اور ماہرہ خان سے اختلافات سے متعلق انوکھا انکشاف کیا ہے۔
میرا جن کے ماضی میں اپنی ہم عصر اداکارہ ریما خان اور موجودہ دور کی نامور اداکارہ ماہرہ خان سے لڑائیاں میڈیا کی زینت بنی ہیں اور اس حوالے سے فریقین کی جانب سے کئی بیانات بھی سامنے آئے ہیں لیکن اب میرا نے ان لڑائیوں یا اختلافات کی انوکھی وجہ بتا کر سب کو ایک بار پھر مسکرانے پر مجبور کردیا۔
میرا جو حال ہی میں ایک نجی پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے تین دہائیوں پر مبنی شوبز کے سفر سمیت اپنی ذاتی زندگی سے جڑے کئی معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
میرا سے بات ہو اور وہاں ریما خان اور ماہرہ خان کا ذکر نہ آئے ایسا کیسے ہوسکتا ہے تو اس پروگرام میں بھی ایسا ہی ہوا اور میرا نے انکشاف کیا کہ ان کے ریما اور ماہرہ سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں بلکہ ان کی دونوں اداکاراؤں سے لڑائی عوام کے لیے ہے۔
میرا کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سب کے لیے اچھا سوچتی ہوں چاہے وہ ماہرہ ہو یا ریما، ہماری سوچ میں اختلاف ہو سکتا ہے لیکن ہماری آپس میں کوئی ذاتی رنجش نہیں ہے، یہ تمام لڑائیاں اور رنجشیں عوام کے لیے ہوتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کام کے محاذ پر وہ کسی کی دوست نہیں ہیں اور ان کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنی ساتھی اداکاراؤں سے سخت مقابلہ کریں کیونکہ یہ ان کے کام کا حصہ ہے۔
میرا نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کے پاس اداکاراؤں اور مشہور شخصیات کے بارے میں ٹرولنگ اور بُرے تبصروں کے لیے کافی وقت ہوتا ہے۔