بھارت میں بسنے والے شائقین کی ایک بڑی تعداد مشہور پاکستانی اداکار فواد خان کی دیوانی ہے اور تقریباً ہر دوسرا بھارتی انہیں پسند کرتا ہے۔ لیکن بھارت میں ایک کامیڈین فواد خان سے سخت نفرت کرتا ہے اور کھلے عام اس کا اظہار کرنے سے بھی نہیں چوکتا۔
ڈینیئل فرنینڈس نامی اس فنکار نے اپنی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے جس میں وہ فواد خان سے نفرت کرنے کے نہایت ٹھوس دلائل دے رہا ہے۔
آئیے آپ بھی دیکھیئے وہ دلائل کیا ہیں۔
ڈینیئل کا کہنا ہے کہ وہ فواد خان کو پسند کرنا ’افورڈ‘ نہیں کرسکتا کیونکہ اس کے پاس 5 کروڑ نہیں۔
دراصل یہاں پر ڈینیئل کا اشارہ بھارتی انتہا پسند تنظیموں کے غنڈہ ٹیکس کی جانب ہے جو انہوں نے کرن جوہر سے اے دل ہے مشکل کی ریلیز کے لیے طلب کیے، بصورت دیگر انہوں نے فلم کی ریلیز روک دینے کی دھمکی دی تھی۔
ڈینیئل کے مطابق فواد خان سے نفرت کرنے کی دوسری وجہ یہ ہے کہ فواد خان پاکستان میں پیدا ہوئے جبکہ وہ خود بھارت میں۔ ’یہ میری ’ڈیفالٹ سیٹنگ‘ ہے جس کا میری پسند نا پسند سے کوئی تعلق نہیں۔ مجبوراً مجھے فواد خان سے نفرت کرنی پڑ رہی ہے‘۔
تیسری اور سب سے اہم وجہ وہ یہ بتاتے ہیں کہ فواد خان بے حد خوبصورت ہیں، ’کسی مرد کو اتنا خوبصورت نہیں ہونا چاہیئے ورنہ دنیا کے دیگر مرد اس سے نفرت کرنے لگتے ہیں‘۔
ڈینیئل کہتے ہیں، ’کیا آپ کو نہیں لگتا کہ پاکستان کے پاس اچھا مال ہے؟ ان کے پاس فواد خان ہے، ہمارے پاس کمل آر خان۔ ان کے پاس کوک اسٹوڈیو ہے، ہمارے پاس سنجے دت ہے‘۔ ’یہاں تک ان کا چائے والا بھی اتنا خوبصورت ہے، اس کی بھی نیلی آنکھیں ہیں‘۔
چائے والے کا ذکر کرتے ہوئے ڈینیئل کہتے ہیں، ’ان کے چائے والے کو ماڈلنگ کی آفر ہوتی ہے۔ ہمارا چائے والا وزیر اعظم (نریندر مودی) بن جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چائے والے کے بعد ایک اور نیپالی لڑکی سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی تھی جس کی خوبصورتی دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بیمار ذہنیت کے حامل ہیں جو سوچتے ہیں کہ غریب لوگ خوبصورت نہیں ہوسکتے، لہٰذا ہم جہاں کسی غریب کو خوبصورت پاتے ہیں ہم اس کی تصویریں کھینچنا شروع کر دیتے ہیں۔
البتہ کوئی اس بات پر حیران نہیں ہوتا کہ کوئی بدصورت شخص امیر کیسے بن گیا۔ انہوں نے بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’کوئی اس کی شکل دیکھ کر یہ کیوں نہیں سوچتا کہ یہ کیسے امیر بنا، اس کی تصویر کھینچو‘۔
فواد خان کی وجہ سے بھارت میں تنازعے کا شکار ہونے والی کرن جوہر کی فلم اے دل ہے مشکل کے بارے میں ڈینیئل نے کہا کہ 3 گھنٹے کی فلم میں صرف 3 منٹ کے لیے فواد خان موجود تھے۔ جب وہ اسکرین پر آئے تو میرے برابر بیٹھا ایک شخص چیخنے لگا، کہ ’اے! پاکستان واپس جاؤ‘۔
آخر میں ڈینیئل نے محبت اور امن کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے شہری ایک جیسے ہی ہیں اور یوں لگتا ہے کہ ہم ایک ہی ملک میں رہ رہے ہیں۔