اسکاٹ لینڈ کے جزیرے پر بنا 200 سال پرانا تاریخی قلعہ صرف 30 ہزار پاؤنڈ میں فروخت کیا جا رہا ہے جو اوسط درجے کے فلیٹ کی قیمت سے بھی کم ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے شیٹ لینڈ جزیرے فیٹلر پر ایک 200 سال قدیم تاریخی قلعہ فروخت کیا جا رہا ہے اور اس کی قیمت حیران کن طور پر انتہائی کم یعنی صرف 30 ہزار پاؤنڈز رکھی گئی ہے جو کہ برطانیہ میں ایک اوسط درجے کے فلیٹ کی قیمت سے بھی کم ہے۔
یہ قلعہ 40 ایکڑ رقبے پر محیط ہے جس میں 24 بیڈ رومز، فولی ٹاورز، ایک صحن اور باغات بھی ہیں تاہم اگر کوئی یہ کم قیمت قلعہ نادر موقع سمجھ کر خریدنا چاہتا ہے کہ تو جان لے کہ جس طرح ہر چمکتی چیز سونا نہیں ہوتی اسی طرح اس قلعے کی اتنی کم قیمت میں فروخت میں بھی ایک راز ہے۔
وہ راز کوئی بھوت پریت، آسیب یا قانونی تنازع نہیں بلکہ یہ ہے کہ قلعہ انتہائی مخدوش حالت میں ہے اور جو بھی اس کو خریدے گا اس کو اس کی تزئین و آرائش اور دوبارہ رہائش کے قابل بنانے کے لیے 12 ملین پاؤنڈ خرچ کرنا ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس قلعے کو آرتھر نکلسن نامی ایک تاجر نے فرانس، سوئٹزر لینڈ اور اٹلی کے فنِ تعمیر سے متاثر ہوکر تعمیر کرایا تھا جو 1980 کی دہائی میں قلعے کی آخری مالکن لیڈی نکلسن کے جانے کے بعد سے خالی پڑا ہے۔
نکلسن خاندان کے آخری وارث اولیو بورلینڈ نے2007 میں اس کی ملکیت برو لاج ٹرسٹ کو منتقل کر دی تھی جس نے اب اس کو فروخت کے لیے پیش کیا ہے۔