پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے بیٹی علیزے خان کو شوبز میں کام کرنے کی اجازت نہ دینے کی اہم وجہ بتا دی۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے کہا کہ علیزے کو شوبز کے علاوہ کسی بھی شعبے میں کام کرنے سے منع نہیں کیا۔
نادیہ خان نے کہا کہ مجھے شوبز بچوں کیلیے اس لیے نہیں پسند کیونکہ یہ ایک ہوائی روزی ہے، اس میں کبھی مرد عروج پر پہنچ جاتے ہیں تو خواتین کا زوال آ جاتا ہے پھر یہ کیسی نوکری ہوئی؟
انہوں نے کہا کہ شوبز میں لڑکی کو بریک بھی لینا ہوتا ہے جب اس کی شادی ہو یا بچے ہوں، لیکن شوبز میں آپ بریک لے ہی نہیں سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے علیزے سے کہا کہ شوبز سے ہٹ کر کوئی ایسا کام کرو جس سے 40 سال کی عمر کے بعد تمہاری عزت ہو، دولت ہو اور مزید مواقع میسر آئیں۔